جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کا قتل عام۔31 شہید اور درجنوں زخمی

نئی دہلی ۔ غزہ پٹی میں اتوار کو جنگ بندی کے اعلان کے ساتھ ہی قابض صہیونی فوج نے دوبارہ جارحیت شروع کردی جس کے نتیجےمیں کم سے کم 31 فلسطینی شہید ہوگئے۔

 

جنگ بندی کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں اتوار کو 31 شہری شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے۔شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اتوار کی صبح 9:30 اسرائیلی فوج نے دوبارہ بمباری کی جس کے نتیجے میں غزہ شہر میں 5 اور شمالی شہر میں 3 فلسطینی شہید اور 25 زخمی ہوگئے۔

 

رفح پر اسرائیلی ڈرون حملے میں دو شہری مارے گئے۔ اطلاعات کے مطابق خان یونس کے مشرق میں قصبہ خزاعہ میں شہریوں پر قابض فوج کی بمباری کے نتیجے میں 5 افراد شہید اور دیگر زخمی ہوگئے جب کہ عبدالکریم راتب شبات نامی شہری رفح میں شہید ہوئے۔قبل ازیں مقامی ذرائع نے بتایا تھا کہ غزہ شہر کے زیتون اور الشاف محلوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 5 شہری شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

 

غزہ کے شمال میں بیت حانون میں اسرائیلی بمباری میں تین شہید اور دیگر زخمی ہو گئے۔قابض فوج کے طیاروں نے شمالی غزہ کی پٹی پر پرتشدد حملے کیے، جس کی وجہ سے سیدروت میں فضائی حملے کے سائرن فعال ہوگئے، تاہم قابض فوج نے کہا کہ سائرن غلطی سے فعال ہوئے ہیں۔

 

قابض فوج نے کہا کہ وہ اس وقت غزہ پٹی میں اہداف پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے طیاروں کے ذریعہ غزہ کے شمال اور مرکز میں متعدد اہداف پر بمباری کا اعلان کیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *