اسرائیل، لبنان و شام سے انخلا اور فلسطین پر قبضہ ختم کرے، پاکستان

مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی میڈیا کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ  اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے شام اور لبنان کی سرزمین سے اسرائیل کے انخلا، لبنان اور شام کی خودمختاری کے احترام اور فلسطین کی سر زمین پر اسرائیلی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا۔

وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق یو این میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیل کے قبضے کی مذمت کرتے ہوئے شام میں ایک جامع حکومتی ڈھانچے کے قیام کا مطالبہ کیا۔

رواں ماہ سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے اپنی 2 سالہ مدت کا آغاز کرنے کے بعد پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کو برقرار رکھنے اور عالمی تنازعات کے منصفانہ حل کو فروغ دینے کا عہد کیا ہے۔ پاکستانی سفیر نے سلامتی کونسل میں مطالبہ کیا کہ شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو بحال کیا جانا چاہیے۔ 

منیر اکرم نے امید ظاہر کی کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان حالیہ جنگ بندی کا معاہدہ ایک جامع حل کی راہ ہموار کرے گا جس میں ایک خودمختار اور آزاد فلسطینی ریاست کا قیام بھی شامل ہوگا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *