بینک فراڈ معاملے میں ای ڈی نے ہوڑہ اور کولکاتہ میں کئی مقامات پر چھاپے مارے

کولکتہ: مغربی بنگال میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے جمعرات کو 6000 کروڑ روپے سے زیادہ کے مبینہ بینک فراڈ کے ملزم دیپک جین کے ہوڑہ میں واقع فلیٹ سمیت مختلف مقامات پر چھاپہ مارا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جین نے مالیاتی اداروں سے قرض حاصل کرنے کے بعد فنڈز کا غبن کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ای ڈی پہلے ہی صنعتکار اور کانکاسٹ اسٹیل اینڈ پاور لمیٹڈ کے مالک سنجے سریکھا کو جھارکھنڈ اور دیگر مقامات پر بینک فراڈ کیس میں گزشتہ سال دسمبر میں گرفتار کر چکی ہے۔

ای ڈی نے مبینہ بینک فراڈ کے سلسلے میں سنجے کی جائیداد پر چھاپے کے دوران 4.5 کروڑ روپے کے زیورات اور کئی غیر ملکی لگژری کاریں ضبط کی تھیں۔

ذرائع نے بتایا کہ مرکزی مسلح افواج کے ساتھ ای ڈی کے اہلکار آج صبح گروپوں میں نکلے اور بینک فراڈ کیس کے سلسلے میں ہوڑہ اور کولکتہ کے دو دیگر مقامات پر چھاپے مارے۔

انہوں نے کہا کہ ای ڈی نے ملزم دیپک جین سے ہوڑہ کے ایک فلیٹ میں پوچھ گچھ شروع کر دی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کچھ شیڈول بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے بعد اسے کہاں پہنچایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ شیل کمپنیوں کے ذریعے ملک بھر میں 16 قومی بینکوں کے ساتھ تقریباً 6000 کروڑ روپے کے بینک فراڈ میں بڑی رقم منتقل کی گئی تھی۔

سنجے نے مبینہ طور پر متعدد کھاتوں اور فرضی دعووں کے ذریعے قرض حاصل کیا لیکن رقم واپس کرنے میں ناکام رہا۔

ای ڈی ذرائع کے مطابق یہ معاملہ 2022 کا ہے، جس میں جھارکھنڈ کے ایک قومی بینک کے ساتھ دھوکہ دہی شامل ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *