موہن بھاگوت کا ریمارک، غداری کے مترادف: راہول گاندھی (ویڈیو)

نئی دہلی: کانگریس قائد راہول گاندھی نے چہارشنبہ کے دن آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ رام مندر کے افتتاح کے دن ہندوستان کو ”سچی آزادی“ ملنے کا ان کا دعویٰ غداری کے مترادف ہے اور ہر ہندوستانی کی توہین ہے۔

نئی دہلی میں کانگریس کے نئے ہیڈکوارٹرس کی افتتاحی تقریب میں راہول گاندھی نے کہا کہ ہر پارٹی ورکر مختلف حالات میں جہاں بی جے پی اور آر ایس ایس نے اداروں پر ”قبضہ“ کرلیا ہے‘ نظریات کی یہ لڑائی لڑرہا ہے۔ تحقیقاتی ایجنسیوں کو اپوزیشن قائدین کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا نے الیکشن کمیشن پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک کے الیکشن سسٹم میں ”سنگین مسئلہ“ ہے۔

الیکشن کمیشن کو مہاراشٹرا اور ہریانہ الیکشن میں فہرست ِ رائے دہندگان کے مسئلہ پر اپنا موقف واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کو ایسے وقت اس کا نیا ہیڈکوارٹر مل رہا ہے جبکہ آر ایس ایس سربراہ نے کہا ہے کہ ہندوستان نے 1947 میں آزادی حاصل نہیں کی اور ملک کو سچی آزادی رام مندر بننے کے بعد ملی۔

موہن بھاگوت نے کہا کہ دستور ہماری آزادی کی علامت نہیں ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ موہن بھاگوت نے کل جو کہا وہ غداری ہے۔ کسی اور ملک میں یہ کہا گیا ہوتا تو کہنے والے کو گرفتار کرلیا جاتا اور اس پر مقدمہ چلتا۔ یہ حقیقت ہے۔ راہول گاندھی‘ اندراگاندھی بھون کے افتتاح کے موقع پر مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو 1947 میں آزادی نہ ملنے کی بات کہنا ہر ہندوستانی کی توہین ہے۔

وقت آگیا ہے کہ ایسے لوگوں کی بے ہودہ باتیں سننا بند کردیا جائے۔ موہن بھاگوت کا ریمارک ہمارے مجاہدین ِ آزادی اور ہر ہندوستانی شہری کی توہین اور ہمارے دستور پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں کوئی اور پارٹی‘ بی جے پی۔ آر ایس ایس والوں کو روک نہیں سکتی۔

صرف کانگریس ہی انہیں روک سکتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہم ایک نظریاتی جماعت ہیں اور ہماری آئیڈیالوجی ایک دن پہلے نہیں بنی۔ بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج جو لوگ اقتدار میں وہ ترنگا کو سیلوٹ نہیں کرتے۔ یہ لوگ قومی پرچم اور دستور پر یقین نہیں رکھتے۔ ان لوگوں کا ویژن آف انڈیا ہم سے پوری طرح الگ ہے۔

یہ لوگ ہندوستان کو خفیہ سوسائٹی کے ذریعہ چلانا چاہتے ہیں۔ یہ چاہتے ہیں کہ ملک کو ایک شخص چلائے۔ یہ لوگ اس ملک کی آواز دبادینا چاہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں لوک سبھا الیکشن تا اسملبی الیکشن‘ مہاراشٹرا میں رائے دہندوں کی تعداد میں اضافہ کی جانکاری دینے سے انکار کردیا۔





[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *