راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کر دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ کیجریوال پر طنزیہ حملہ کیا ہے۔ ویڈیو میں انھوں نے لکھا ہے ’’یہ ہے کیجریوال جی کی ’چمکتی‘ دہلی، پیرس والی دہلی۔‘‘
دہلی اسمبلی انتخاب کے لیے سیاسی پارٹیوں نے بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ سیاسی لیڈران کا ایک دوسرے پر الزامات عائد کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پیر (13 جنوری) کو راہل گاندھی نے دہلی کے سیلم پور حلقہ اسمبلی میں منعقد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیجریوال کے وعدوں کو یاد دلایا تھا اور کہا تھا کہ وہ کوئی بھی وعدہ وفا نہیں کر پائے۔ اب انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کر کیجریوال کی حقیقت سبھی کے سامنے رکھ دی ہے۔ پوسٹ کی گئی ویڈیو کے ساتھ راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’یہ ہے کیجریوال جی کی ’چمکتی‘ دہلی، پیرس والی دہلی۔‘‘
اس ویڈیو میں راہل گاندھی اپنے آس پاس موجود لوگوں اور میڈیا اہلکاروں سے کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’دیکھو، دہلی دیکھو، چمکتی ہوئی دہلی ہے… پیرس جیسی دہلی ہے… سب جگہ یہی حال ہے۔‘‘ راہل گاندھی کی یہ ویڈیو 13 جنوری کو سیلم پور میں کی گئی تقریر کے دوران کیجریوال پر کیے گئے حملے کا ہی سلسلہ دکھائی دے رہا ہے۔ وہ دہلی اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کے ساتھ ساتھ عام آدمی پارٹی کو بھی ہدف تنقید بنا رہے ہیں اور پی ایم مودی کے ساتھ ساتھ کیجریوال کا نام لینے سے بھی پرہیز نہیں کر رہے ہیں۔ 13 جنوری کو راہل گاندھی نے سیلم پور میں کہا تھا کہ ’’میں جب بھی ذات پر مبنی مردم شماری کی بات کرتا ہوں تو وزیر اعظم نریندر مودی اور اروند کیجریوال کے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلتا۔ کیجریوال ضرور مودی کی طرح لمبی لمبی تقریریں کریں گے لیکن جب حصہ داری کی بات آئے گی تو صرف کانگریس اسے پورا کرے گی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ سیلم پور میں راہل گاندھی کے ذریعہ کیے گئے حملوں پر اروند کیجریوال نے جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’راہل گاندھی اپنی پارٹی کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں، جبکہ میں ملک کو بچانے کے لیے لڑ رہا ہوں۔‘‘ حالانکہ کیجریوال نے راہل گاندھی کے ذریعہ عائد کیے گئے الزامات پر کوئی صفائی پیش نہیں کی۔ نہ ہی انھوں نے دہلی کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے اپنے وعدے پر کچھ کہا، اور نہ ہی دہلی کو آلودگی سے پاک بنانے کا وعدہ وفا نہ پر کوئی تبصرہ کیا۔ راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ کانگریس کے دیگر لیڈران بھی کیجریوال اور عآپ حکومت کی خامیوں پر کھل کر بول رہے ہیں اور عوام کو حقیقت سے روشناس کرا رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔