واقعہ معراج النبی ؐ ساری انسانیت کیلئے قابل ِ فخر معجزہ
کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی انتیسویں معراج النبی کانفرنس کے ضمن میں اجلاس سے علامہ ڈاکٹر سید شاہ عبدالمعز قادری شرفی ،علامہ سید محمد شاہ قادری ملتانی ، مولانا اقبال احمد رضوی کے خطابات
حیدرآباد۔13/جنوری2025ء (راست) معراج مصطفی ؐ معجزات نبویؐمیں سے ایک عظیم الشان معجزہ ہے یوں تو اللہ نے اپنے حبیب محمد مصطفیٰ ﷺ کو کئی ایک معجزات عطا کئے لیکن معجزہ معراج النبی ؐ ایک ایسا عظیم الشان معجزہ ہے جس کو سمجھنے سے ساری بنی نوع انسانی آج تک قاصر ہے ۔ رب تعالیٰ نے اپنے حبیب کو جس شان سے آسمانوں کی سیر کروائی اور اپنے دیدار سے سرفراز فرمایا اور اپنا قرب عطا فرمایا ‘ سارے عالم میں اس معجزہ کی مثال نہیں ملتی ۔ اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی ہدایت کیلئے کم و بیش ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیا ء کرام کو مبعوث فرمایا اور ہر نبی کو اس دور کے لحاظ سے معجزات عطا فرمائے۔ لیکن اللہ نے اپنے حبیب کو سراپا معجزہ بناکر مبعوث فرمایا۔ دیگر نبیوں کو بھی معراج عطا فرمائی مگر جس شان کی معراج آپ ﷺکو عطا کی گئی کسی اور نبی ؐ کو عطا نہ ہوئی۔ یہ روحانی معراج کی بات نہیں بلکہ جسمانی معراج کی بات ہے جس کا ثبوت قرآن اور احادیث دونو ں موجود ہے۔ جسمانی معراج کا منکر گمراہ و بد دین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار حضرت علامہ ڈاکٹر سید عبدالمعز حسینی قادری شرفی نے قادریہ اسلامک سنٹر ، دبیر پورہ میں کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کے زیر اہتمام منعقد شدنی 29ویں معراج النبی ؐ کانفرنس کے ضمن میں منعقدہ اجلاس سے کیا ۔اجلاس کی سرپرستی حضرت علامہ سید محمد شاہ قادری ملتانی صاحب نے کی ۔ قرأت و ہدیہ نعت سے اجلاس کا آغاز ہوا ۔ مولانا نے مزید کہا کہ واقعہ معراج النبی ؐ صبح قیامت تک کیلئے ساری بنی نوع انسانی کیلئے قابل فخر معجزہ ہے اور عبدیت کی معراج کی فقید المثال کرامت ہے جسکے ذریعہ ساری انسانیت کیلئے اصلاحی انقلاب برپا کیا جاسکتا ہے انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ واقعہ معراج النبیؐ سے مکمل طور پر ملت اسلامیہ کا ہر فرد آگاہ رہے دورِ حاضر میں اُمت مسلمہ کو جو چیالنجیس درپیش ہیں ان مسائل کا حل قرآن و احادیث میں موجود ہے آج دشمنانِ اسلام ہر طرف سے قوم مسلم پر ٹوٹ پڑے ہیں لیکن قرآن کا پیغام ہے کہ تم ہی غالب رہوگے اگر تم مومن ہو ۔کیونکہ دور حاضر نئے فتنوں اور چیالنجس کا ہے اسلئے ہر مسلمان کو دین متین کی تعلیمات سے آگاہ ہوکر شریعت محمدی ؐپر سختی سے عمل پیرا ہونا لازمی ہے ۔ اس کانفرنس کو وقت کی اہم ضرورت ہے سمجھتے ہوئے ہر مسلمان کی اس میں شرکت لازمی ہوگی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال احمد رضوی القادری نے کہا کہ معجزہ معراج النبیؐ ساری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے ، یہ وہ عظیم معجزہ ہے جس میں حبیب کبریا ﷺ رب تعالیٰ کے حضور مہمان بن کر تشریف لے گئے ۔ جہاں پر آپ کو رب تعالیٰ نے قیامت تک ہونے والے تمام معاملات سے آگاہ فرمادیا ۔ اس عظیم معجزہ میں اُمت مسلمہ کو تمام معاملات سے آگاہ کردیا گیا ہے جیسا کہ ملک کے حالات ہمیں بتارہے ہیں کہ فسطائی طاقتیںاپنے ناپاک عزائم کو کامیاب بنانے کی مذموم کوششیں کررہی ہیں ،ہر طرف مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ہمیں ضرورت ہے کہ ہم اپنی نسلوں کو دین متین کی تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ جو لوگ ہماری شناخت اور اسلامی تعلیمات کو ختم کرنا چاہتے ہیں اُنہیں ہماری نسلیں منہ توڑ جواب دے سکیں ۔ ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی (نائب صدر کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ واقعہ معراج النبی ﷺ روزِ روشن کی طرح عیاں ایک عظیم معجزہ ہے جو ہمارے آقا نبی کریم ﷺ کو رب تعالیٰ کی جانب سے عطا کیا گیا ۔ وہیں پر رب تعالیٰ کی جانب سے ایمان والوں کو نماز جیسا عظیم تحفہ بھی عنایت کیا گیا ہے جو تا قیام قیامت باقی رہنے والا ہے اس لئے ہر مسلمان کا فریضہ ہے کہ وہ نمازوں کی پابندی کریں اور دین متین کی خدمت کریں وہیں اپنی نسلوں کو دین اسلام کی تعلیم و تربیت سے آگاہ کرتے ہوئے دین کا سچا داعی بنائیں ۔ نیز تمام برادران اسلام سے گذارش ہے کہ اس کانفرنس میں لازمی طور پرشرکت کریں ۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے کہا کہ الحمد للہ کل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی اپنی کامیاب خدمات کے28سال تکمیل کرچکی ہے اور الحمد للہ قرآن کے آفاقی پیغام کو اُمت محمدیہ تک پہونچانے میں لگی ہوئی ہے الحمد للہ کمیٹی حکم باری تعالیٰ کہ ’’ تم وہ قوم ہو جو نیکی کی دعوت دینے والی اور برائیوں سے روکنے والی ہو ٗ ٗ پر مکمل عمل پیرا ہے ۔اسی مقصد کے تحت کمیٹی نوجوان نسل کو مغربی تہذیب سے بچاکر صالح معاشرہ کی تشکیل ، بالخصوص مسلک حق اہلسنت کی ترویج و اشاعت میں ہمہ تن مصروف ہے نیز نوجوان نسل کو بے حیائی وبدکاریوں کے عذابات سے آگاہ کرتے ہوئے اُنکی اصلاح و تربیت کیلئے سوشیل میڈیا جیسے Whatssap ، facebook ، Youtubeپر عالم اسلام اکے اکابر علماء کرام کے اصلاحی تقاریر و پوسٹس کے ذریعہ اپنی خدمات کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔الحمد للہ کمیٹی کی اصلاحی وانقلابی تحریکیں کل ہند سطح پر جاری ہیں جن میں قابل ذکر ’’ تحریک ِ صلوٰۃ ‘ ‘ اور ’’ تحریک ِ حجاب ‘‘ شامل ہے ۔ انہیں مقاصد کے پیش نظر کمیٹی اپنی عظیم الشان اٹھائیسویں معراج النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد بتاریخ 27/جنوری2025ء بروز پیر ، بعد نمازِ عشاء ، چنچل گوڑہ جونیر کالج گراونڈ ، نزد دبیر پورہ بریج عمل میں لا رہی ہے ۔ اسی ضمن میں ایک استقبالیہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جن میں صدر استقبالیہ جناب مرزا نثار احمد بیگ نظامی ( سپریم کورٹ ایڈوکیٹ)،نائب صدور استقبالیہ جناب حکیم ایم ساجد قادری ملتانی ، جناب الحاج خواجـہ صدر الدین احمد قادری ( سراج بھائی)، محمد عظیم برکاتی ( ایڈوکیٹ)، معتمد استقبالیہ : قادر خان قادری ، سید لئیق قادری ، نائب معتمد استقبالیہ : سید اعزاز محمد قادری ، سید طاہر حسین قادری ، اراکین استقبالیہ : ڈاکٹر مجیب شاہد ، محمد احسن شریف ، ڈاکٹر غوث ، سید طاہر علی قادری ، ڈاکٹر عظمت رسول ، محمد مشتاق ہاشمی ، محمد عمران خان رضوی ، محمد حنیف پٹیل ثاقبی ، زبیر ثاقبی ، سید عاطف وارثی ، محمد حنیف رضوی ، محمد آصف قادری ہونگے ‘ انشاء اللہ اس عظیم الشان کانفرنس میں عالم اسلام کے اسلامک اسکالرس کی موریشیس ، یو ۔کے بریلی شریف ، ممبئی و اترپردیش سے شرکت متوقع ہے ۔ اجلاس میں کثیر تعداد میں اراکین نے شرکت کی ۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور دُعاء پر اختتام عمل میں آیا ۔