نئی دہلی: سعودی عرب نے 2025کے لیے ہندوستان کا حج کوٹہ 1,75,025مقرر کیا۔ اس کے لیے دونوں ممالک کے درمیان حج معاہدہ 2025 پر دستخط کیے گئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس معاہدے کا خیر مقدم کیا۔
پیر کو سوشل میڈیا پر یہ معلومات دیتے ہوئے اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے کہا کہ انہوں نے سعودی عرب کے حج اور عمرہ امور کے وزیر توفیق بن فوزان الربیعہ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے۔ رجیجو اس وقت سعودی عرب کے دورے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم حج پر جانے والے تمام عازمین حج کو بہترین ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ رجیجو کی پوسٹ کے جواب میں، وزیر اعظم نے کہا ”میں اس معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہوں۔ ہندوستان کے عازمین حج کے لیے یہ بہت اچھی خبر ہے۔ ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ عازمین حج کو ان کے حج کے دوران بہترین ممکنہ تجربہ حاصل ہو۔
رجیجو نے کہا کہ اس سال ہم نے عازمین حج کی سہولت کے لیے بہت پہلے سے تیاریاں شروع کر دی ہیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ انہوں نے اس کام میں تعاون پر سعودی عرب کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔ مرکزی وزیر نے عازمین حج کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جدہ (سعودی عرب) ہوائی اڈے کے حج ٹرمینل کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ سفر پر آنے والے تمام ہندوستانی عازمین حج کو مکمل مدد فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنا سفر آسانی سے مکمل کر سکیں۔رجیجو نے اس دورے کے دوران مسلم ورلڈ لیگ کے سکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم سے ملاقات کی۔ ان سے گفتگو میں انہوں نے اپنے دورہ ہندوستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ نتیجہ خیز رہا۔