نئی دہلی: عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال نے اتوار کے دن دعویٰ کیا کہ آئندہ ماہ کے اسمبلی الیکشن میں اگر بی جے پی کو ووٹ دے کر برسراقتدار لایا گیا تو دہلی میں تمام کچی آبادیوں (سلم علاقوں) کو مٹادے گی۔
شکور بستی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں سابق چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی سلم ایریا میں رہنے والوں کی فلاح و بہبود پر حصول اراضی کو ترجیح دیتی ہے۔ کجریوال نے بی جے پی کے حوالہ سے کہا کہ وہ پہلے آپ کے ووٹ چاہتی ہے اور الیکشن کے بعد آپ کی زمین لینا چاہتی ہے۔
انہوں نے بی جے پی کی ”جہاں جھگی، وہاں مکان“ اسکیم پر بھی تنقید کی اور اسے آنکھوں میں دھول جھونکنے کی یوجنا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں بی جے پی والوں نے سلم علاقوں میں رہنے والوں کے لئے صرف 4700 فلیٹس تعمیر کئے۔
عام آدمی پارٹی سربراہ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی سلم علاقوں میں رہنے والوں کی اراضی چھین لینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ وہ سارے سلم علاقے ڈھادے گی اور زمین ہتھیالے گی۔ اسے کچی آبادیوں میں رہنے والوں کی کوئی پرواہ نہیں۔ کجریوال کے ساتھ سینئر پارٹی قائد ستندر جین موجود تھے جو حلقہ شکور بستی سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ وہ چوتھی مرتبہ یہاں سے اسمبلی پہنچنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے 2013ء، 2015ء اور 2020ء میں یہاں سے جیت حاصل کی تھی۔ دہلی میں پولنگ 5 فروری کو ہوگی اور نتائج کا اعلان 8 فروری کو ہوگا۔ 2020ء کے الیکشن میں عام آدمی پارٹی نے دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں کے منجملہ 62 نشستیں حاصل کی تھیں۔ وہ تیسری میعاد چاہتی ہے۔