نئی دہلی: ایک تاجر کو محکمہ برقی نے دو ارب کا برقی بل تھما دیا اتنی رقم دیکھ کر اس کی آنکھیں پھٹی کی پھٹی رہ گئیں۔ ہماچل پردیش کے ضلع ہمیرپور میں کنکریٹ کی اینٹیں بنانے والے چھوٹے صنعت کے مالک کو دو ارب سے زائد کا برقی کا بل روانہ کیا گیا۔ بل دیکھتے ہی صنعت کے مالک کا دماغ گھوم گیا۔
فوراً ہی اس نے الیکٹریسٹی بورڈ کے دفتر جا کر شکایت کی۔ ہماچل پردیش کے ضلع ہمیرپور کے سب ڈویژن بھورنج کے تحت بہڑویں جٹاں گاؤں میں کنکریٹ کی اینٹیں بنانے والے لالیت دھیمان نے جب 2,10,42,08,405 روپے کا برقی کا بل دیکھا تو ان کا دماغ چکرا گیا۔ اربوں روپے کا بل دیکھ کر لالیت دھیمان کو جھٹکا لگا۔
لالیت دھیمان اور ان کے بیٹے آشیش دھیمان نے کہا کہ جب انہیں برقی کا بل آیا تو وہ بل دیکھ کر دنگ رہ گئے۔ برقی بورڈ کے ملازم نے انہیں اربوں روپے کا بل تھما دیا تھا جس کے بعد انہوں نے برقی بورڈ کے دفتر جا کر شکایت کی۔شکایت کے بعد اب انہیں 4,047 روپے کا بل دیاگیا ہے۔ اس بارے میں برقی بورڈ بھورنج کے ایس ڈی او انوراگ چندیل نے کہا کہ تکنیکی وجوہات کی بنا پر اتنا بل آیا تھا۔
شکایت موصول ہوئی تھی اور ان کا بل درست کر دیا گیا ہے اب صارف کو 4,047 روپے کا بل دیا گیا ہے۔