اٹاوا: کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے مستعفی ہونے کے بعد ان کے جانشین کے طور پر سب سے مضبوط امیدوار بن کر سامنے والی خاتون انیتا آنند ہندوستانی نژاد ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا میں نئے وزیراعظم کے انتخاب کا عمل 24 مارچ تک مکمل ہوجائے گا جس کے لیے جسٹن ٹروڈو کی وزیرِ نقل و حمل انیتا آنند کے انتخاب کا قوی امکان ہے۔
لبرل پارٹی کی سینیئر رکن انیتا آنند ایک تجربہ کار سیاست دان ہیں جو اس سے قبل وزیرِ عوامی خدمات، وزیرِ قومی دفاع اور وزیرِ خزانہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔
انیتا آنند نے 1967 میں کینیڈا میں مقیم ہندوستانی نژاد ڈاکٹرز والدین کے گھر پیدا ہوئیں۔ 1985 میں سیاسیات میں ڈگری حاصل کی پھر آکسفورڈ یونیورسٹی سے بیچلر آف آرٹس کیا۔
بعد ازاں یونیورسٹی آف ٹورنٹو سے قانون میں بیچلر اور ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔ درس و تدریس میں طبع آزمائی کی۔ یونیورسٹی آف ٹورنٹو میں قانون کی پروفیسر رہیں۔
انیتا آنند نے 1995 میں جان نولٹن سے شادی کی جو ایک مقامی وکیل اور کاروباری شخصیت ہیں اور دونوں کے 4 بچے بھی ہیں۔انیتا آنند 2019 سے پارلیمنٹ کی رکن رہی ہیں اور اس وقت وزیرِ نقل و حمل کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
وہ ہم جنس پرستوں (ایل جی بی ٹی کیو آئی اے) کے حقوق کی علمبردار ہیں اور کینیڈا میں تنوع کے مثبت نقطہ نظر کی حامی ہیں۔ اگر انیتا آنند وزیرِ اعظم بنتی ہیں تو وہ کینیڈا کی پہلی خاتون وزیرِ اعظم بن کر سنگ میل عبور کریں گی۔