عادل آباد _ تلنگانہ کے عادل آباد ضلع کے ایچوڑہ منڈل کے کیشوپٹنم گاؤں میں اتوار کی صبح اس وقت شدید کشیدگی پیدا ہو گئی جب گاؤں والوں نے محکمہ جنگلات کے عملہ پر حملہ کیا
تفصیلات کے مطابق، محکمہ جنگلات کے عملہ نے صبح کے وقت گاؤں میں کارڈن سرچ (Cordon Search) آپریشن کیا۔ اس دوران کئی گھروں سے لکڑی کے گٹھے اور فرنیچر برآمد کرکے ضبط کیے گئے۔
جب یہ کارروائی جاری تھی، تو گاؤں والوں نے محکمہ جنگلات کے عملہ پر حملہ کر دیا۔ اس حملے میں جاڈَو نوشیلال نامی بیٹ افسر کو معمولی چوٹیں آئیں۔ علاوہ ازیں، جنگلاتی محکمہ کی ایک گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا اور اس کے شیشے توڑ دیے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی۔ تاہم، محکمہ جنگلات نے حملے کی تفصیلات کو خفیہ رکھنے کی کوشش کی ہے اور واقعے کے بارے میں مزید معلومات کا انتظار ہے۔