اکھلیش یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی حکومت کے 2 پہیے ہیں ایک ناانصافی اور دوسرا بدعنوانی۔ یہ لوگ بدعنوانی کے معاملوں کو دبانے کے لیے ریاست میں جگہ جگہ تشدد کر رہے ہیں۔‘‘
سماجوادی پارٹی نے سنبھل جامع مسجد کا سروے کیے جانے کے دوران ہوئے تشدد معاملے پر آج (7 جنوری) اپنی رپورٹ میڈیا کے سامنے رکھی۔ اس رپورٹ کو پیش کرتے ہوئے یوپی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ماتا پرساد پانڈے نے کہا کہ ’’سنبھل میں مسجد کا سروے کرانے کے حوالے سے جان بوجھ کر کشیدگی پیدا کی گئی۔ سروے کے لیے جانے والی ٹیم میں بی جے پی کے لوگ شامل تھے اور جب تنازعہ بڑھ گیا تو ہجوم کو ہٹانے کے لیے پولیس کے ذریعہ آنسو گیس کا استعمال نہیں کیا گیا بلکہ سیدھے گولی چلا دی گئی۔ اس واقعہ سے ریاست کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑنے کی کوشش ہوئی۔‘‘
اس پریس کانفرنس سے سماجوادی پارٹی صدر اکھلیش یادو نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی نے سنبھل میں جان بوجھ کر افسران کے ساتھ مل کر تشدد کو انجام دیا اور معصوم لوگوں پر ظلم کیا۔انھوں نے مزید کہا کہ ’’سماجوادی پارٹی کا وفد جب سنبھل گیا تو اسے روک دیا گیا۔ وہاں جانے نہیں دیا گیا۔ آخر حکومت کیا چھپانا چاہتی ہے۔ اس واقعہ کے ذریعہ ماحول کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی۔ بی جے پی ’دراڑ وادی پارٹی‘ ہے۔ ان لوگوں کو انسانوں کی زندگی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ بی جے پی ایک سنگدل پارٹی ہے۔‘‘ اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت کے 2 پہیے ہیں… ایک ناانصافی اور دوسرا بدعنوانی۔ یہ لوگ بدعنوانی کے معاملوں کو دبانے کے لیے ریاست میں جگہ جگہ تشدد کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی افسران بھی ناانصافی کی تمام حدیں پار کر رہے ہیں۔
اکھلیش یادو نے گئو کشی کے حوالے سے کہا کہ خود بی جے پی کے لیڈر نے الزام لگایا ہے کہ یوپی میں روزانہ 50 ہزار گائیں کاٹی جا رہی ہیں اور جم کر بدعنوانی ہو رہی ہے۔ بی جے پی کے ہی رکن اسمبلی کہہ رہے ہیں کہ آج اگر ریاست میں بی جے پی کا وزیر اعلیٰ نہیں ہوتا تو سی ایم ہاؤس میں گھس جاتے۔ میں یہی کہوں گا کہ یوگی آدتیہ ناتھ بی جے پی کے نہیں ہیں۔ میں ان سے یہی کہوں گا کہ وہ آئیں اور سی ایم ہاؤس میں گھس جائیں۔ دراصل اکھلیش یادو بی جے پی رکن اسمبلی نند کشور گوجر کی بات کہہ رہے تھے جنھوں نے گزشتہ دنوں گئوکشی سے متعلق ایک انتہائی اہم بیان دیا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’بی جے پی حکومت میں ہر دن 50 ہزار گائیں کٹ رہی ہیں۔ افسران پیسہ کھا رہے ہیں، لوٹ مچی ہوئی ہے اور اس کے مکھیا چیف سکریٹری ہے۔‘‘ نند کشور گوجر یہاں تک کہتے ہیں کہ ’’میرے قتل کی تیاری ہو چکی ہے، 25 پستول خریدی جا چکی ہیں۔‘‘
بہرحال، آج منعقد پریس کانفرنس میں سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے ملکی پور ضمنی انتخاب کے حوالے سے بھی اپنی بات رکھی۔ انھوں نے یوگی حکومت پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’ملکی پور میں سب سے صاف ستھرا انتخاب ہونے جا رہا ہے۔ میڈیا کے لوگوں کو بھی وہاں کیمرہ لے کر جانا چاہیے تاکہ پتہ چل سکے کہ وہاں کیسے انتخاب ہوتا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے گزشتہ سال نومبر میں 9 سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بدعنوانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’ضمنی انتخاب کے دوران دیکھا گیا تھا کہ انتظامیہ کی مدد سے لوگوں کو ووٹ نہیں کرنے دیا گیا۔ بوتھوں پر پولیس اہلکار کو تعینات کر دیا گیا اور ووٹرس کو ووٹ دینے سے روکا گیا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔