جموں و کشمیر: ایک بار پھر فوجی گاڑی گہری کھائی میں گری، 2 فوجی جاں بحق، 3 شدید طور پر زخمی

اس سے قبل بھی 24 دسمبر 2024 کو ایک فوجی گاڑی راستہ بھٹک جانے کی وجہ سے تقریباً 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری تھی۔ اس حادثے میں 5 فوجی جوانوں کی موت ہو گئی تھی اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔

سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایسسڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
سڑک حادثہ، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

جموں و کشمیر کے باندی پورا ضلع میں ایک اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ذرائع سے ملی جانکاری کے مطابق باندی پورا میں ہفتہ کے روز فوج کو لے جا رہی ایک گاڑی گہری کھائی میں جا گری۔ یہ حادثہ گاری کے پھسلنے کی وجہ سے پیش آیا ہے۔ حادثے میں 2 فوجیوں کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی جب کہ دیگر 3 شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے میں زخمی ہونے والے فوجیوں کو فوری طور پر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور جائے وقوع پر راحت و بچاؤ کا کام جاری ہے۔

حادثے کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے ایک افسر نے بتایا کہ شمالی کشمیر ضلع میں ’ایس کے پاین‘ کے پاس فوج کی ایک گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں گر گئی۔ اس حادثے میں اب تک دہشت گردی کے کسی بھی زاویہ کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ تاہم پولیس اور فوج حادثے کی اصل وجہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ واضح ہو کہ جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں سڑک کے ذریعہ سفر کرنا کافی مشکل اور پُرخطر ہوتا ہے۔ اس سے قبل بھی کئی بار خوفناک سڑک حادثات ہو چکے ہیں جس میں کئی فوجی جوانوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں۔ خاص طور سے سردیوں کے موسم میں کہرے کی وجہ سے یہ راستے سفر کرنے کے لحاظ سے اور خطرناک ہو جاتے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی 24 دسمبر 2024 کو ایک فوجی گاڑی راستہ بھٹک جانے کی وجہ سے تقریباً 300 فٹ گہری کھائی میں جا گری تھی۔ اس حادثے میں 5 فوجی جوانوں کی موت ہو گئی تھی اور کئی دیگر زخمی ہوئے تھے۔ یہ المناک حادثہ جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع کے بلنوئی میں پیش آیا تھا جو ایل او سی کے پاس ہی پڑتا ہے۔ اسی طرح کا ایک اور حادثہ جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں 4 نومبر 2024 کو پیش آیا تھا۔ فوجی جوانوں کو لے جا رہی ایک گاڑی پھسل کر کھائی میں گر گئی تھی۔ حادثہ میں ایک فوجی کی موت ہو گئی تھی جبکہ ایک فوجی جوان زخمی بھی ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *