حیدرآباد: آل انڈیا انڈسٹریل ایگزیبیشن کے آغاز کے ساتھ ہی، 3 جنوری کو شہر کے پولیس کمشنر سی وی آنند نے ایگزیبیشن گراؤنڈ کے اطراف ٹریفک پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ یہ پابندیاں اگلے ماہ 15 تاریخ تک ہر روز شام 4 بجے سے نافذ ہوں گی۔
پولیس نے عوام کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایگزیبیشن کیلئے آر ٹی سی بسوں اور میٹرو ریل سروسز کا استعمال کریں، جو رات 11:30 بجے تک، اور ہفتے کے دن اور تعطیلات پر رات 12 بجے تک دستیاب ہوں گی۔
ایگزیبیشن کے شرکاء کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سڑکوں کو کراس نہ کریں کیونکہ اس سے حادثات کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ گاندھی بھون کے قریب میٹرو برج کا استعمال کرتے ہوئے سڑک کراس کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
آر ٹی سی، پرائیویٹ بسوں اور دیگر بھاری گاڑیوں کو سدی عنبر بازار، جام باغ سے نامپلی جانے والے راستے پر معظم جاہی مارکٹ سے عابڈس جنکشن کی جانب جانا ہوگا۔
بشیر باغ اور اے آر پٹرول پمپ سے نامپلی جانے والی گاڑیاں بی جے آر مجسمہ سے عابڈس کی طرف مڑیں گی۔
بیگم بازار، چھتری اور مالاکنٹہ جانے والی بھاری گاڑیاں، الاسکا جَنکشن سے دارالسلام، ایك مینار کے راستے نامپلی پہنچیں گی۔
دارالسلام (گوشہ محل روڈ) سے افضل گنج اور عابڈس کی طرف جانے والی گاڑیاں الاسکا جَنکشن سے بیگم بازار، سٹی کالج، نیا پول کے راستے جائیں گی۔
موسیٰ باؤلی، بہادرپورہ سے نامپلی جانے والی گاڑیاں سٹی کالج، نیا پول اور ایم جے مارکیٹ کی طرف مڑیں گی۔
ایم جے مارکیٹ سے گاندھی بھون، نامپلی جانے والی گاڑیاں شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک متبادل راستوں پر چل کر اپنے منزل تک پہنچیں گی۔
شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ ان نئے ٹریفک راستوں پر عمل کریں تاکہ نمائش کے دوران کسی بھی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔