اردو کے فروغ اور صحافیوں کے مسائل پر کھمم اردو جرنلسٹ فورم کا احتجاج

اردو کے فروغ اور اردو صحافیوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے کھمم اردو جرنلسٹ فورم کی جانب سے کھمم کلکٹر مذمل خان کو یادداشت پیش کی گئی۔ کھمم ضلع اردو جرنلسٹ فورم کے صدر، حافظ محمد جواد احمد، کی قیادت میں آج بعد نماز جمعہ ایک وفد نے کھمم کلکٹریٹ میں کلکٹر مذمل خان سے ملاقات کی اور اپنی شکایات پیش کیں۔

 

وفد نے کلکٹر کو آگاہ کیا کہ کھمم ضلع میں اردو کو دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہونے کے باوجود سرکاری عہدیداران اردو زبان کے ساتھ سوتیلا رویہ اختیار کر رہے ہیں اور اردو صحافیوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔ وفد نے کہا کہ اردو اخبارات کے صحافیوں کو صرف ایک ایکریڈیشن کارڈ جاری کیا جا رہا ہے، جب کہ تلگو اخبارات کو درجنوں کارڈز دیے جا رہے ہیں، جو سراسر غیرمنصفانہ ہے۔

 

اردو جرنلسٹ فورم کے رہنماؤں نے حکومت کے جی او (حکمنامہ) کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ہر اسمبلی حلقے کے لیے ایک اردو صحافی کو ایکریڈیشن کارڈ جاری کیا جائے۔ مزید یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ اردو صحافیوں کو مکانات کی تعمیر کے لیے اراضی فراہم کی جائے، کیونکہ چند یونین قائدین تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے اردو صحافیوں کو نظرانداز کر رہے ہیں۔

 

فورم نے یہ بھی اعتراض کیا کہ ضلع کی ایکریڈیشن کمیٹی میں کسی اردو صحافی کو شامل نہیں کیا گیا، جو حکومت کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ فورم نے کلکٹر مذمل خان سے مطالبہ کیا کہ اردو صحافیوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلے میں فوری ہدایات جاری کی جائیں۔

 

کھمم کلکٹر مذمل خان نے وفد کے مطالبات کو غور سے سنا اور ان مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر مولانا امتیاز اشاعتی، اسٹاف رپورٹر روزنامہ سہارا، اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ اردو جرنلسٹ فورم کے ان مطالبات کی انگریزی اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندوں نے بھی مکمل حمایت کی۔

 

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *