عام آدمی پارٹی حکومت‘دہلی کیلئے آپدا: مودی (ویڈیو)

نئی دہلی (پی ٹی آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز عام آدمی پارٹی (عاپ) کو دہلی کے لئے ایک ”آپدا“(تباہی) قرار دیا اور کہا کہ اس آپدا نے گزشتہ 10 سال سے قومی دارالحکومت کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔

قومی دارالحکومت میں کئی انفرااسٹرکچر پراجکٹس کا افتتاح کرنے کے بعد جن میں ہاؤزنگ اور ایجوکیشن شعبہ کے پراجکٹس بھی شامل ہیں، عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عام آدمی پارٹی زیرقیادت شہر کی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ اگر یہ حکومت برقرار رہتی ہے تو قومی دارالحکومت کی حالت ابتر ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایک جانب مرکز کافی کوششیں کررہا ہے اور دوسری جانب مرکزی زیرانتظام علاقہ کی حکومت شرمناک جھوٹ بول رہی ہے۔ مودی نے عام آدمی پارٹی حکومت پر کئی شعبوں بشمول اسکولی تعلیم سے لے کر آلودگی کے خلاف لڑائی تک اور شراب کی تجارت میں کرپشن میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں آئندہ ماہ اسمبلی انتخابات مقرر ہیں اور دہلی نے اس آپدا (تباہی) کے خلاف جنگ شروع کردی ہے اور اس سے نجات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کو شکست دینے کی اپیل کرتے ہوئے مودی نے نعرہ لگایا ”آپدا کو نہیں سہیں گے، بدل کر رہیں گے“۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال ملک کی تعمیر اور عوام کی فلاح و بہبود کی نئی سیاست کا آغاز ہوگا۔ اسی لئے آپدا کو ہٹانا ہوگا اور بی جے پی کو لانا ہوگا۔

مودی نے کہا کہ شہر کی حکومت کی جانب سے مرکز کی اہم ہیلتھ انشورنس اسکیم آیوشمان بھارت اور دیگر پروگراموں کو قومی دارالحکومت میں لاگو کرنے کی اجازت نہ دئے جانے کی وجہ سے وہ اپنی پوری کوششوں کے باوجود یہاں کے عوام کی پوری طرح مدد کرنے کے قابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر دارالحکومت میں ہائی ویز تعمیر کئے گئے ہیں اور دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی اے) غریبوں کے لئے مکانات بناسکی ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ ان شعبوں میں آپدا کا کوئی زیادہ رول نہیں ہے۔

دہلی کے سابق چیف منسٹر اور عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال پر طنز کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اگر وہ (مودی) چاہیں تو اپنے لئے بھی ایک شیش محل تیارکرواسکتے ہیں لیکن ان کا خواب ملک میں ہر ایک کے لئے مکان کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کرپشن کرتے ہیں اور پھر اسے بڑھاچڑھاکر پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے عام آدمی پارٹی پر بے شرم ہونے اور جھوٹے وعدے کرنے کا الزام عائد کیا۔ واضح رہے کہ بی جے پی‘ کجریوال کو اپنی سرکاری قیام گاہ کی تعمیر پر بھاری رقم خرچ کرنے پر نشانہ تنقید بناتی رہی ہے اور ان کی سابق قیام گاہ کو شیش محل قرار دیتی رہی ہے۔

مودی نے کہا کہ ملک اچھی طرح جانتا ہے کہ میں نے کبھی اپنے لئے کوئی گھر نہیں بنایا لیکن گزشتہ دس سال میں میری حکومت نے غریبوں کے لئے چار کروڑ مکانات تعمیر کئے ہیں اور ان کے خوابوں کی تکمیل کی ہے۔ میں بھی ایک شیش محل بنواسکتا تھا لیکن میرا خواب اپنے ملک کے عوام کو ایک پکا مکان دینے کا ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *