تلنگانہ کے سنگاریڈی ضلع میں ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔ گمڈی دل منڈل کے نالوالّی جنگلاتی علاقے میں ایک کار اور آٹو کے درمیان تصادم ہوگیا ۔ اس حادثے میں آٹو میں سفر کرنے والے تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
حادثہ نالوالّی جنگلات کے قریب بالا نگر-میڑک نیشنل ہائی وے پر پیش آیا، جہاں جمعہ کی صبح نرساپور کی طرف سے آنے والی ایک سوئفٹ کار نے تیز رفتاری میں پہلے سامنے سے آنے والے آٹو کو ٹکر ماری اور پھر بالا نگر سے نرساپور کی طرف جانے والے ایک اور آٹو کو بھی ٹکر مار دی۔
اس حادثے میں آٹو میں سوار تین مسافر ہلاک ہوگئے اور 5 دیگر مسافروں کو شدید چوٹیں آئیں۔
اطلاعات کے مطابق، حادثے میں میڈچل ضلع کے کوتبلّاپور سے تعلق رکھنے والی منیشا، میدک ضلع کے رستم پیٹ کی رہائشی دودھی ایشوریا، اور قطب اللہ پور سورارم سے تعلق رکھنے والے ایک اور شخص ہلاک ہو گئے
۔ مزید پانچ افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں نرساپور کے سرکاری اسپتال منتقل کر کے علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
مقامی افراد کی اطلاع پر گمڈی دل پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔