سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کے بعد بھی ان کی اہلیہ گرشرن کور کو ملنے والی سیکوریٹی جاری رہے گی۔ خبر ہے کہ ان کا سی آر پی ایف زیڈ پلس کور پہلے کی طرح ہی جاری رہے گا۔ واضح ہو کہ منموہن سنگھ کا جمعرات کو دہلی واقع ایمس میں 92 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا تھا۔ انہوں نے 2004 سے 2014 تک ہندوستان کے وزیر اعظم کے طور پر ملک کو اپنی خدمات انجام دیں۔
‘ہندوستان ٹائمز’ سے بات چیت میں پیر کو افسروں نے کہا کہ گرشرن کور کو ملنے والا سی آر پی ایف زیڈ پلس سیکوریٹی کور پہلے کی طرح جاری رہے گا۔ منموہن سنگھ اور ان کی اہلیہ کو 2019 میں یہ سیکوریٹی ملی تھی۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ان کے معاملے میں سی آر پی ایف سیکوریٹی جاری رہے گی۔ زیڈ پلس کیٹیگری کے تحت انہیں سی آر پی ایف تحفظ ملے گی۔ بعد میں خطرے کو لے کر کیا جانے والا جائزہ ہوگا۔