سیول: جنوبی کوریا کے جنوب مغربی ہوائی اڈے پر اتوار کو ہونے والے مسافر طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے 179 افراد میں سے 174 افراد کی باقیات کی عارضی طور پر شناخت کر لی گئی ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ نے منگل کو یہ اطلاع دی۔
وزارت نے سوگوار خاندانوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 32 متاثرین میں سے جن کی انگلیوں کے نشانات کے ذریعے شناخت نہیں ہوسکی، پہلے ڈی این اے ٹیسٹ میں 17 کی شناخت کی گئی جبکہ 10 دیگر کی شناخت دوسرے ڈی این اے ٹیسٹ میں ہوئی۔
باقی پانچ متاثرین کی ڈی این اے میں تضاد کی وجہ سے شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
وزارت کے مطابق چار شناخت شدہ متاثرین کی لاشیں سوگوار خاندانوں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
حکام نے پہلے کہا تھا کہ تمام لاشوں کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کرنے میں 10 دن لگ سکتے ہیں کیونکہ ان میں سے زیادہ تر کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جیجو ایئر کا بوئنگ 737-800 طیارہ سیول سے تقریباً 290 کلومیٹر جنوب مغرب میں موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران حادثہ کا شکار ہوگیا۔
لینڈنگ گیئر فیل ہونے کی وجہ سے طیارہ بغیر پہیے کے اترا اور رن وے سے پھسل کر دیوار سے ٹکرا گیا جس سے طیارے میں آگ لگ گئی۔