قانون سب کیلئے برابر: پون کلیان (ویڈیو)

امراوتی: آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے پشپا2 فلم کے پریمیر شو کے دوران حیدرآباد کی سندھیا تھیٹر میں بھگدڑ واقعہ جس میں ایک خاتون ہلاک اور اس کا کمسن بیٹا شدید زخمی ہوگیا، پر پیر کے روز پہلا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ”قانون سب کے لئے برابر ہے“۔

اس بھگدڑ واقعہ میں فلم اداکار الوارجن کو گرفتار کیا گیا۔ اداکار۔سیاست داں پون کلیان نے کہا کہ ان کے خیال میں پولیس کو موردالزام نہیں ٹھہرانا چاہئے کیونکہ پولیس، سیفٹی اور سیکورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرتی ہے۔ جناسینا پارٹی کے قائد نے کہا کہ تھیٹر عملہ کو پیشگی طور پر صورتحال سے الوارجن کو واقف کرانا چاہئے تھا۔

یہاں صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے پون کلیان نے کہا کہ میرے خیال میں اگر الوارجن یا ان کی طرف سے کوئی، متاثرہ خاندان سے فوری ملاقات کرتا تو اس سے صورتحال کو معمول پر لانے اور اس مسئلہ کو حل کرنے میں مدد مل سکتی تھی۔ 4 دسمبر کے بھگدڑ واقعہ پر پون کلیان کا یہ پہلا ردعمل تھا۔

انہوں نے کہا کہ میگااسٹار چرنجیوی بھی اپنے مداحوں کے ساتھ تھیڑ میں فلم دیکھنے جاتے تھے مگر چرنجیوی، اپنے چہرہ کو ماسک سے ڈھانکے رکھتے تاکہ کوئی مسئلہ پیدا نہ ہو۔ اس مسئلہ پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے اقدام کا دفاع کرتے ہوئے اے پی کے ڈپٹی چیف منسٹر نے ریونت ریڈی کو ایسا قائد قرار دیا جو سخت محنت کے ذریعہ نچلے سطح سے ترقی کرتے ہوئے آج اس مقام پر پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی ایک عظیم قائد ہیں۔ وہ ترقی کرتے ہوئے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہیں۔ وہ وائی ایس آر سی پی کی طرح نہیں ہیں۔

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پشپا2 فلم کے لئے زیادہ تعاون کیا ہے۔ فلم کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کی اجازت دی، ان کے اس اقدام سے فلمی صنعت کو حوصلہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ (بھگدڑ) پر پردے کے پیچھے اور سامنے کیا ہوا وہ نہیں جانتے۔ پون کلیان نے اس معاملہ میں پولیس کی غلطی تلاش کرنے سے انکار کردیا اور کہا کہ قانون سب کے لئے برابر ہے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *