تلنگانہ اسمبلی کا اجلاس پیر کے دن خصوصی طور پر منعقد ہوا، جہاں حال ہی میں انتقال کر جانے والے سابق وزیرِاعظم منموہن سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اجلاس کے آغاز میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تعزیتی قرارداد پیش کی اور منموہن سنگھ کی ملک کے لیے خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ منموہن سنگھ معاشی اصلاحات کے معمار تھے
اور ان کی خدمات ملک کے لیے ناقابلِ فراموش ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ منموہن سنگھ کو “بھارت رتن” ایوارڈ سے نوازا جائے۔
منموہن سنگھ نے بطور اقتصادی مشیر، آر بی آئی گورنر، پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین، مرکزی وزیر فینانس، اور وزیرِاعظم کے طور پر اہم خدمات انجام دیں۔ انہوں نے وزیرِاعظم کی حیثیت سے دس سال تک بہترین حکمرانی فراہم کی۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کا انتقال ملک کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منموہن سنگھ تلنگانہ کے لیے ایک حقیقی دوست تھے اور ریاست کی تشکیل میں ان کا کردار تاریخی تھا۔ تلنگانہ عوام کے دلوں میں ان کی جگہ ہمیشہ قائم رہے گی۔
ریونت ریڈی نے یہ بھی ذکر کیا کہ 2013 میں منموہن سنگھ نے زمین کے حصول کا قانون متعارف کروایا، جس سے غریبوں کو انصاف ملا، اور 2006 میں جنگلاتی حقوق قانون میں ترامیم کرکے قبائلی عوام کو سہارا دیا۔
آئی ٹی سیکٹر میں بھارت کی کامیابی کو بھی ان کی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا۔ تلنگانہ کی 60 سالہ جدوجہد کو حقیقت بنانے میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔
ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ حیدرآباد کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں منموہن سنگھ کا ایک مجسمہ نصب کیا جائے گا تاکہ ان کی یادگار کو زندہ رکھا جا سکے۔