واشنگٹن/نئی دہلی: امریکی صدر جو بائیڈن نے سابق ہندوستانی وزیر اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کی بے مثال سطح ان کی اسٹریٹجک دور اندیشی اور سیاسی جرات کے بغیر ممکن نہیں ہوتی۔
ایک تعزیتی پیغام میں مسٹر بائیڈن نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے شاندار پیش رفت کی، جو آنے والی نسلوں تک دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط کرتی رہے گی۔
وائٹ ہاؤس کے پیغام میں لکھا گیا، ’’جل اور میں ہندوستانی عوام کے ساتھ سابق ہندوستانی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ آج امریکہ اور ہندوستان کے درمیان تعاون کی بے مثال سطح ڈاکٹر سنگھ کی اسٹریٹجک دور اندیشی اور سیاسی ہمت کے بغیر ممکن نہیں ہوتی۔
امریکہ انڈیا سول نیوکلیئر معاہدے کو آگے بڑھانے سے لے کر انڈو پیسیفک پارٹنرز کے درمیان پہلا کواڈ شروع کرنے میں مدد کرنے تک، انہوں نے شاندار پیش رفت کی، جو آنے والی نسلوں تک ہمارے ممالک اور دنیا کو مضبوط کرتی رہے گی۔ وہ ایک سچے سیاستدان تھے، ایک سرشار عوامی خدمت گار اور سب سے بڑھ کر وہ ایک مہربان اور شائستہ شخص تھے۔
امریکی صدر نے کہا، ’’مجھے 2008 میں سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر اور 2009 میں امریکہ کے ان کے سرکاری دورے کے دوران نائب صدر کے طور پر وزیر اعظم سنگھ سے ملنے کا موقع ملا تھا۔ انہوں نے 2013 میں نئی دہلی میں میری میزبانی بھی کی تھی۔
جیسا کہ ہم نے اس وقت بات کی تھی، امریکہ اور ہندوستان کے تعلقات دنیا کے اہم ترین تعلقات میں سے ایک ہیں۔ دونوں نے ساتھ مل کر، شراکت داروں اور دوستوں کے طور پر، دونوں ممالک کے تمام لوگوں کے لئے وقار اور لامحدود صلاحیت کا مستقبل کھول سکتے ہیں۔”
مسٹر بائیڈن نے کہا، “اس مشکل دور میں ہم اس وژن کے لیے دوبارہ عہد کرتے ہیں جس کے لیے وزیر اعظم سنگھ نے اپنی زندگی وقف کی اور جل اور میں سابق خاتون اول گرشرن کور، ان کے تین بچوں اور ہندوستان کے تمام لوگوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔