مہر خبررساں ایجنسی نے آناتولی نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کیتھولک فرقے کے عالمی پیشوا پوپ فرانسس نے غزہ میں جاری مظالم پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ صہیونی حملوں کے شکار غزہ کے باشندوں کے بارے میں نہایت کرب میں مبتلاء ہیں اور وہاں جو کچھ ہوا اسے نہایت سفاکانہ بربریت سمجھتے ہیں۔
پوپ فرانسس نے کرسمس کے قریب آنے پر تمام متحارب فریقوں سے جنگ بندی کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین ابھی تک حملوں کی زد میں ہے، یہ حملے بعض اوقات اسکولوں، اسپتالوں اور گرجا گھروں کو نشانہ بناتے ہیں۔ بندوقوں کو خاموش ہونے دیں تاکہ دنیا بھر میں کرسمس کے نغمے سنے جا سکیں۔
کیتھولک فرقے کے روحانی پیشوا نے مزید کہا کہ آئیے یوکرین اور پورے مشرق وسطیٰ اور دنیا کے تمام محاذوں پر کرسمس کے موقع پر جنگ بندی کے لئے دعا کریں۔
پوپ فرانسس نے غزہ کے بارے مزید کہا کہ یہ بہت بڑی ناانصافی ہے، بچوں کو مشین گنوں سے گولی مار دی جاتی ہے، سکولوں اور ہسپتالوں پر بمباری کی جاتی ہے اور اس طرح کے ظلم کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔