[]
واشنگٹن: معروف او ٹی ٹی اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے صارفین کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔ کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ اگر کسی چینل پر گمراہ کن یا دھوکہ دہی پر مبنی تھمب نیلز کا استعمال کیا گیا تو ان چینلز کو معطل کر دیا جائے گا۔
گزشتہ کچھ عرصہ سے کئی یوٹیوب چینلز گمراہ کن تھمب نیلز استعمال کرکے صارفین کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ یہ تھمب نیلز اور عنوانات صرف ویوز حاصل کرنے کے لیے بنائے جاتے ہیں، جبکہ ویڈیو کا مواد ان کے مطابق نہیں ہوتا۔ خاص طور پر سلیبریٹیز اور سیاسی شخصیات سے متعلق ایسے تھمب نیلز زیادہ نظر آتے ہیں۔
یوٹیوب نے اس مسئلے پر سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی گائیڈ لائنز کے تحت ایسے چینلز جو کلک بیٹ تھمب نیلز اور غلط عنوانات کے ذریعے صارفین کو گمراہ کریں گے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
یوٹیوب نے اپنے چینلز کو ان گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے لیے مناسب وقت دینے کا وعدہ کیا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر چینلز ان قواعد کی خلاف ورزی کرتے رہے تو انہیں مستقل طور پر معطل کر دیا جائے گا۔