ریاستی اقلیتی کمیشن کی مداخلت کے بعد نرمل میں اردو میڈیم کے طلبہ کے لئے ریاضی ٹیلنٹ ٹسٹ کا انعقاد

[]

نرمل، 20/ ڈسمبر (انوار دکن، ایم۔اے۔ وحید ): ضلع نرمل میں تلنگانہ میتھس فورم کی جانب سے مسلم اقلیتی طلبہ (اردو میڈیم) کے ساتھ لسانی تعصب کے خلاف ریاستی اقلیتی کمیشن کی نوٹس کے بعد ضلع مہتمم تعلیمات پی راما راؤ نے تلنگانہ میتھس فورم کے صدر اور جنرل سیکریٹری کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے اردو میڈیم کے طلبہ کے لئے ریاضی ٹیلنٹ ٹیسٹ کے عدم انعقاد کی وجوہات طلب کیں۔

 

اس کے بعد میتھس فورم نے ضلع مہتمم تعلیمات سے اردو میڈیم طلبہ کے لیے علحیدہ طور پر ریاضی ٹیلنٹ ٹسٹ منعقد کرنے کی اجازت طلب کی۔ ضلع مہتمم تعلیمات نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 20 ڈسمبر ، بروز جمعہ، زیڈ پی ایچ ایس، منجلا پور میں ریاضی ٹیلنٹ ٹسٹ منعقد کرنے کی ہدایت جاری کی۔

 

اس پر عمل کرتے ہوئے فورم نے ٹسٹ منعقد کیا، جس میں ضلع بھر کے تمام اردو میڈیم سرکاری ہائی اسکولوں کے طلبہ نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ ٹی ایم ایف، نرمل نے 11 ڈسمبر کو صرف تلگو اور انگریزی میڈیم طلبہ کے لئے ریاضی ٹیلنٹ ٹسٹ منعقد کرتے ہوئے اردو میڈیم کے طلبہ کے ساتھ لسانی تعصب کا مظاہرہ کیا اور ان کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کی

 

۔ اس رویے کے خلاف شیخ شبیر علی صدر کی قیادت میں میوا اور مائناریٹی ایمپلائز ویلفیر اسوسی ایشن (میوا) اور تلنگانہ اسٹیٹ پرائمری ٹیچرس اسوسی ایشن (ٹی ایس پی ٹی اے) کے ایک نمائندہ وفد نے ضلع مہتمم تعلیمات اور ضلع کلکٹر سے شکایت کی تھی۔ تاہم، جب ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی، تو ریاستی اقلیتی کمیشن میں شکایت درج کروائی گئی۔

 

ریاستی اقلیتی کمیشن نے اس معاملے کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ڈائریکٹر ایس سی ای آر ٹی، حیدرآباد، نرمل ضلع کلکٹر، ضلع مہتمم تعلیمات، اور ٹی ایم ایف ،نرمل کے صدر و سیکریٹری کو نوٹس جاری کرکے رپورٹ طلب کی۔

 

شیخ شبیر علی، صدر ٹی ایس پی ٹی اے و میوا، اور ٹی ایس پی ٹی اے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ساجد معراج نے بتایا کہ کمیشن کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں ضلع مہتمم تعلیمات نے فوری اقدامات کرتے ہوئے اردو میڈیم طلبہ کے لئے خصوصی ریاضی ٹیلنٹ ٹسٹ منعقد کروایا۔

 

انہوں نے ضلع مہتمم تعلیمات سے میتھس فورم کے خلاف لسانی تعصب کے معاملے میں کاروائی کرنے کا مطالبہ کیا اور ان سے اپیل کی کہ تمام میڈیم کے طلبہ کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے، تاکہ قومی یکجہتی اور بھائی چارگی کو فروغ دیا جا سکے۔ بصورت دیگر، انہوں نے ذمہ داران کے خلاف قانونی لڑائی لڑنے کے عزم کا اظہار کیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *