[]
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد کے میڑچل ملکاجگری ضلع میں تقریباً 430 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کردہ چرلہ پلی ریلوے ٹرمنل افتتاح کے لیے تیار ہے۔ وزیر ریلوے ایشونی ویشنو،وزیر کوئلہ کشن ریڈی اس ماہ کی 28 تاریخ کو اس ٹرمنل کا افتتاح کریں گے۔ چرلہ پلی ٹرمنل جدید ترین ٹکنالوجی کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
یہاں پرمسافروں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ فی الحال، دو ایم ایم ٹی ایس پلیٹ فارم کے ساتھ، 9 پلیٹ فارم، 2 فٹ اوور برج، 6 ایسکلیٹرز، فوڈ کورٹ، ریستوراں، مسافروں کے انتظار کے لیے اے سی اور نان اے سی کمرے، دونوں طرف ریزرویشن کاؤنٹر اور ٹکٹ کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں۔ ٹرمنل کے کھلنے کے بعد یہاں سے 25 جوڑی ٹرینیں چلیں گی۔ روزانہ تقریباً 50,000 مسافروں کے سفر کی توقع ہے۔ اس وقت یہاں 13 جوڑے ٹرینیں رکتی ہیں۔
ان میں بنیادی طور پر کاغذ نگر انٹرسٹی، کرشنا ایکسپریس، گنٹور انٹرسٹی، یال گوڑہ ایکسپریس، سکندرآباد، ورنگل پش پل، سبری، ستواہانہ، کاکتیہ ایکسپریس، لنگم پلی، گھٹکیسر ایم ایم ٹی ایس ٹرینیں شامل ہیں۔ اس ٹرمنل کی وجہ سے نامپلی، کاچی گوڑا اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشنوں پر دباؤ کافی حد تک کم ہو جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کے ترقیاتی کاموں کو مزید تیزی سے مکمل کرنے کا موقع ملے گا۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ شہر کے مضافات میں لنگم پلی سے آنے والی ٹرینوں کیلئے سکندرآباد اسٹیشن جانے کے بجائے صنعت نگر اور اموگوڑہ کے راستے چرلہ پلی ٹرمنل پہنچنے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔ ٹرمنل کے کھلنے کے بعد، ریلوے مسافروں کی تنظیمیں،پبلک ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانے کے لیے اسٹیشن کی طرف جانے والی سڑکوں کی توسیع چاہتی ہیں۔