[]
نئی دہلی ۔ ایس بی آئی کا فرضی ویڈیوز پر وضاحتی بیان۔ سوشل میڈیا پر اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کے اعلیٰ انتظامیہ کے نام سے بھاری منافع کے وعدے کرتے ہوئے فرضی ویڈیوز گردش کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایس بی آئی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے ان ویڈیوز کو فرضی قرار دیا ہے۔
ایس بی آئی نے اپنے ‘ایکس’ پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ کے ذریعہ عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا: “سوشل میڈیا پر ہمارے بینک انتظامیہ کے نام سے گردش کرنے والی ڈیپ فیک ویڈیوز پر یقین نہ کریں۔ ان ویڈیوز میں بتائی گئی اسکیمات کا بینک یا بینک کے حکام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔”
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فرضی ویڈیوز میں عوام کو سرمایہ کاری کے مشورے دیے جا رہے ہیں اور غیر معمولی منافع کے وعدے کیے جا رہے ہیں۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا ایسا کوئی غیر حقیقی اور غیر معمولی منافع دینے والا وعدہ نہیں کرتا۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ ان دھوکہ دہی پر مبنی ویڈیوز سے محتاط رہیں اور کسی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔
ایس بی آئی نے عوام کو ان فرضی اور گمراہ کن ویڈیوز کے خلاف ہوشیار رہنے کی تلقین کی ہے تاکہ وہ کسی قسم کی مالی دھوکہ دہی سے محفوظ رہ سکیں۔