[]
33 سالہ پولیس ہیڈ کانسٹیبل نے جمعہ کی رات دیر گئے بائے پپن ہلی میں ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی۔ خودکشی نوٹ میں متوفی نے اپنی بیوی اور اپنے سسر کو خودکشی کے لئے ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔
بنگلورو میں تکنیکی ماہر سبھاش اتل کی خودکشی پر ہنگامہ ابھی تھما بھی نہیں تھا کہ شہر میں خودکشی کا ایسا ہی ایک اور معاملہ سامنے آیا ہے۔ حلیماؤ پولیس اسٹیشن (امن و قانون) کے ایک 33 سالہ پولیس ہیڈ کانسٹیبل نے جمعہ کی رات دیر گئے بائے پپن ہلی میں ٹرین کے سامنے کود کر خودکشی کرلی۔ متوفی کا نام تھیپنا الوگور ہے، جس نے کنڑ زبان میں لکھے ایک صفحے کے سوسائڈ نوٹ میں اپنی بیوی پاروتی اور اس کے والد یمونپا کو خودکشی کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ تھیپنا شمالی کرناٹک کے وجئے پورہ ضلع میں سندھگی قصبے کے نزدیک ہنڈیگنورو گاؤں کا رہنے والا تھا۔
اطلاعات کے مطابق تھیپنا کی شادی تین سال قبل اپنے آبائی شہر میں پاروتی سے ہوئی تھی اور وہ بنگلورو میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔ جوڑے کی کوئی اولاد نہیں ہے۔ تھیپنا گھر واپس آنے سے پہلے جمعہ کو اپنی پہلی شفٹ یعنی صبح 8 تا 2 بجے کرنے گیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس کے بعد شام کو پاروتی کے ساتھ بحث ہوئی۔ تھیپنا کے خودکشی نوٹ کے مطابق، رات کے کچھ دیر بعد، اس کے سسر یمونپا نے اس سے فون پر بدسلوکی کی۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ تھیپنا نے ہیلالیج ریلوے اسٹیشن اور کارمیلرام ریلوے پھاٹک کے درمیان پٹریوں پر ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا دی تھی۔ یہ واقعہ جمعہ کی رات 8 بجے کے قریب اس وقت سامنے آیا جب راہگیروں نے مسخ شدہ لاش دیکھ کر ریلوے پولیس کو اطلاع دی۔ ریلوے پولیس نے کہا کہ جب تھپنا نے یہ خوفناک قدم اٹھایا تو اس نے پولیس کی وردی پہن رکھی تھی۔
تھیپنا نے اپنے سوسائڈ نوٹ میں کہا، “میں اپنی بیوی پاروتی اور اس کے والد یمونپا کے ہراساں کیے جانے کی وجہ سے خودکشی کر رہا ہوں۔ 12 دسمبر کو، اس نے (یمونپا) نے مجھے شام 7.26 بجے فون کیا، 14 منٹ تک بات کی اور مجھے دھمکیاں دیں۔ اس نے مجھے مرنے کو بھی کہا، ورنہ وہ مجھے مار ڈالے گا تاکہ اس کی بیٹی (پاروتی) سکون سے رہ سکے۔”
ہفتے کے روز، تھیپنا کی ماں بسمہ الگور نے بائے پپن ہلی ریلوے پولیس میں شکایت درج کرائی، جس میں اس کی بہو پاروتی اور یمونپا پر تشدد اور ہراساں کر کے اپنے بیٹے کی موت کے لیے اکسانے کا الزام لگایا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا، ’’ہم ملزمین کو نوٹس جاری کریں گے اور انہیں بیان کے لیے ہمارے سامنے حاضر ہونے کی ہدایت کریں گے۔ یہ ہمارا پہلا قدم ہو گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔