محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ راجدھانی دہلی میں پورے ہفتہ آسمان میں جزوی طور پر بادل چھائے رہ سکتے ہیں اور اس دوران ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ ساتھ ہی منگل اور بدھ کو صبح میں اسماگ کے ساتھ ساتھ زیادہ تر علاقوں میں درمیانی سطح کا اور کچھ علاقوں میں گھنا کہرا ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ موسمیات نے دو دنوں کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
درمیانی سطح کا کہرا ہونے پر کم سے کم حد نظر 200 میٹر سے 500 میٹر اور گھنا کہرا ہونے پر 50 سے 200 میٹر رہتی ہے۔ محکمہ کے مطابق مغربی ہمالیائی علاقے میں 26 دسمبر سے بھی ایک ویسٹرن ڈسٹربینس فعال ہوگا۔ اس کے اثر سے دہلی میں کرسمس کے بعد بھی 26 دسمبر کو کچھ علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے بعد 27 اور 28 دسمبر کو ہلکی سے درمیانی سطح کی بارش کا امکان ہے۔ ساتھ ہی اس دوران گھنا کہرا بھی ہو سکتا ہے۔