نظام آباد ناگارام میں اشرار کی جانب سے مسجد کی بے حرمتی کا سنگین واقعہ

[]

حیدرآباد: نظام آباد شہر کے نواحی علاقے ناگارام میں واقع مسجد کریم میں پچھلی شب نامعلوم فرقہ پرست اشرار نے مسجد کے مقفل گیٹ کو توڑ کر داخل ہوئے اور مسجد میں قرآن مجید کی بے حرمتی کرتے ہوئے نیچے پھینک دیا اور مسجد میں موجود مائک سیٹ کو زمین پر پٹک کر توڑ دیا۔

 اس المناک واقعہ کی ملی اطلاع پر کانگریس قائدین سید نجیب علی، اشفاق احمد خان پاپا، ایم اے فہیم، ہارون خان، ایم اے قدوس،محمد انور، معین یونس، شیخ جعفر، شیخ ظفر نے مسجد کا دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا اور اشرار کی جانب سے کی گئی بے حرمتی کی شدید مذمت کرتے ہوئے نظام آباد اے سی پی راجہ وینکٹ ریڈی، ٹاؤن سی آئی بی سرینواس، Vٹاون ایس آئی گنگادھر سے مسجد کی بے حرمتی کرنے والے اور امن وامان کو نقصان پہنچانے والوں کیخلاف نہ صرف سخت کاروائی کریں بلکہ ان کی نشاندہی کرتے ہوئے کیفر کردار تک پہنچائے۔

کانگریس قائدین نے اس مذموم واقعہ کی پولیس سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کرنے کا پرزور مطالبہ کیا اور اس علاقہ میں آئے دن غیر سماجی سرگرمیوں کے انسداد کیلئے پولیس کو شب وروز پٹرولنگ کرتے ہوئے حالات پر نظر رکھنے پر زور دیا۔ اور کہاکہ اس حساس علاقہ میں پولیس آؤٹ پوسٹ قائم کیاجانا ضروری ہوگیا ہے۔

 کانگریس قائدین نے کہاکہ ناگارام کے نواحی علاقہ بلدی ڈویژن نمبر 10، 11،اور 12میں آئے دن جرائم کی وارداتیں پیش آتی رہتی ہے جس کی سرکوبی کیلئے پولیس کو چوکسی اختیار کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ کانگریس قائدین نے عامتہ المسلمین سے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے اور امن وامان کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *