[]
حیدرآباد ۔ حیدرآباد کے آر ٹی سی کراس روڈ پر واقع سندھیا تھیٹر میں پشپا 2 دی رول کے 4 دسمبر کی رات کو ہونے والے بینیفٹ شو کے دوران پیش آئے بھگدڑ واقعہ میں ایک خاتون ریوَتی (39) ہلاک ہوگئی تھی جبکہ ان کا 9 سالہ بیٹا سری تیج زخمی ہو گیا۔ متاثرہ خاندان کی شکایت پر چکڑ پلی پولیس نے اداکار الو ارجن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا تھا۔
تازہ اطلاعات کے مطابق الو ارجن کو گرفتار کر کے چکڑ پلی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا ہے اور وہاں سے عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس واقعہ کے سلسلے میں پولیس نے حالیہ دنوں میں تین دیگر افراد کو بھی گرفتار کیا ہے، جن میں ایک سیکیورٹی گارڈ اور تھیٹر کے دو منتظمین شامل ہیں۔
تلگو فلموں کے مشہور اداکار الو ارجن کی گرفتاری کے بعد تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس معاملہ پر اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ الو ارجن کے معاملے میں قانون اپنا کام کر رہا ہے اور ان کا اس میں کوئی مداخلت نہیں ہے۔
چیف منسٹر نے کہا “قانون کے سامنے سب برابر ہیں اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ بھگدڑ کے دوران ایک خاتون کی موت کے پیش نظر پولیس مناسب کارروائی کر رہی ہے۔”