[]
رکن اسمبلی عبدالرحمن نے کہا کہ ’’مسلمانوں کے مدعوں پر عآپ کی خاموشی اور بے رخی نے مجھے اور میری قوم کو بار بار ٹھگا ہوا محسوس کرایا، میں سیلم پور کی عوام کے لیے کام کرتا رہوں گا۔‘‘
نئی دہلی: جوں جوں دہلی اسمبلی انتخاب 2025 قریب آتا جا رہا ہے، استعفوں کا دور بھی شروع ہو گیا ہے۔ ایک پارٹی سے استعفیٰ دینے اور دوسری پارٹی میں شامل ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ منگل کی شام سیلم پور اسمبلی حلقہ سے عآپ رکن اسمبلی عبدالرحمن نے پارٹی کی پالیسی سے ناراض ہو کر پارٹی استعفیٰ کا اعلان کر دیا، اور پھر کچھ گھنٹوں بعد کانگریس میں شمولیت بھی اختیار کر لی۔ عبدالرحمن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے استعفیٰ کے تعلق سے لکھا کہ ’’آج میں عام آدمی پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔ پارٹی نے اقتدار حاصل کرنے کی سیاست میں الجھا کر مسلمانوں کے حقوق کو نظر انداز کیا۔ اروند کیجریوال نے ہمیشہ عوام کے مسائل سے بھاگ کر اپنے مفاد کی سیاست کی۔ میں انصاف اور حق کی لڑائی لڑتا رہوں گا۔‘‘
اپنے استعفیٰ میں رکن اسمبلی عبدالرحمن نے عآپ کنوینر اروند کیجریوال کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مسلمانوں کے مدعوں پر آپ کی خاموشی اور بے رخی نے مجھے اور میری قوم کو بار بار ٹھگا ہوا محسوس کرایا۔ پارٹی کا اعلی کمان اب عوام کے بجائے اپنی سیاست اور ذاتی مفاد کو ترجیح دے رہا ہے۔ میں سیلم پور کی عوام کیلئے کام کرتا رہوں گا۔ تاہم ان کے حقوق کیلئے جدوجہد جاری رکھوں گا۔ میں جلد ہی اپنی سیاسی روش اور اہم اقدامات کا اعلان بھی کروں گا۔ میرا مقصد ہمیشہ عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کی حفاظت کرنا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے نہ صرف میرے جیسے لیڈر کو ٹھگا بلکہ ان لوگوں کو بھی مایوس کیا جنہوں نے عآپ پر بھروسہ کیا تھا۔ میرا یہ استعفیٰ ان لوگوں کی آواز بن کر رہے گا، جنہیں پارٹی نے نظر انداز کیا اور ان کا حق چھیننے کی کوشش کی ہے۔ امید ہے کہ آپ اور پارٹی اپنے رویہ پر غور کریں گے۔
واضح رہے کہ سیلم پور اسمبلی حلقہ سے 5 بار رکن اسمبلی رہے چودھری متین احمد کے فرزند چودھری زبیر احمد اور چوہان بانگر وارڈ سے کونسلر شگفتہ چودھری زبیر نے 29 اکتوبر 2024 کو کانگریس پارٹی چھوڑ کر عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی تھی، حالانکہ چودھری متین احمد کانگریس میں ہی شامل تھے۔ پھر 10 نومبر 2024 کو سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے خود متین احمد کو ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر عام آدمی پارٹی میں شامل کیا۔ تاہم چودھری خاندان کا عام آدمی پارٹی میں شامل ہونا ٹکٹ حاصل کرنا تھا، جس میں وہ کامیاب بھی ہوئے۔ 21 نومبر 2024 کو عام آدمی پارٹی نے موجودہ رکن اسمبلی عبدالرحمن کا ٹکٹ کاٹ کر چودھری زبیر احمد کو اپنا امیدوار بنایا۔
چودھری زبیر احمد کا ٹکٹ فائنل ہونے کے بعد سیلم پور اسمبلی حلقہ سے سابق رکن اسمبلی حاجی اشراق خان عرف بھورے نے کانگریس پارٹی کا دامن تھام لیا تھا۔ دوسری طرف ٹکٹ کٹنے کے بعد سے ہی عبدالرحمن پارٹی سے خفا نظر آ رہے تھے اور آج انہوں نے اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے پارٹی سے باضابطہ استعفیٰ دے دیا۔ بعد ازاں عبدالرحمن نے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔ دیویندر یادو نے کانگریس کا پٹکا پہنا کر پارٹی میں ان کا استقبال کیا۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں عبد الرحمن کے 2 بیٹوں کی شادی ہوئی تھی۔ اس تقریب میں دہلی کانگریس کے بڑے لیڈران شامل ہوئے تھے جس سے قیاس لگایا جا رہا تھا کہ عبدالرحمن کانگریس پارٹی جوائن کر سکتے ہیں۔ اگر عبدالرحمن انتخابی میدان میں کانگریس کے ٹکٹ سے اتریں گے تو چودھری زبیر احمد کی راہ مزید مشکل ہو سکتی ہے۔ سیلم پور اسمبلی حلقہ میں فی الحال سیاسی پارہ کافی گرم ہے، اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا یہ تو وقت ہی بتائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔