ممبئی میں سڑک حادثہ میں چھ افراد ہلاک، 49 زخمی

[]

ممبئی: ممبئی کے مشرقی مضافاتی علاقے کرلا (ویسٹ) میں ایس جی بروے روڈ پر انجمن اسلام اسکول کے قریب پیر کی رات سڑک حادثے میں چھ افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوگئے۔

برہنممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کے ڈیزاسٹر کنٹرول نے منگل کو بتایا کہ حادثہ کل رات 09:50 بجے ایس جی بروے روڈ پر انجم اسلام اسکول کے قریب اس وقت پیش آیا جب ایک بس کرلا ریلوے اسٹیشن سے ایل بی ایس روڈ کی طرف جارہی تھی۔ چھ افراد ہلاک اور 49 زخمی ہوئے۔

انہیں قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ چار پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور فی الحال سیون ہل اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

زخمیوں کی حالت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ مرنے والوں میں کنیز فاطمہ انصاری (55) ، آفرین اے شیخ (19) ، انعم شیخ (18) ، اور شیوم کشیپ (18) ہیں۔

دیگر کی شناخت کی جا رہی ہے۔ حادثے کے پیچھے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

اہلکار نے بتایا کہ بیسٹ الیکٹرک بس ڈرائیور سنجے مورے نے گاڑی سے کنٹرول کھو دیا اور پیدل چلنے والوں کے ساتھ ساتھ تقریباً 25 گاڑیوں کو ٹکر ماردی۔

تباہ ہونے والی گاڑیوں میں آٹورکشا، سکوٹر اور موٹر سائیکل، کچھ کاریں، ایک پولیس جیپ وغیرہ شامل تھیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ بس ڈرائیور مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا جس کی وجہ سے گاڑی بے قابو ہوگئی اور گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کو ٹکر ماردی۔

فی الحال حادثے کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے تاہم شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حادثہ بریک فیل ہونے سے پیش آیا۔

بی ایم سی کے مطابق، بس ڈرائیور کے خلاف متعدد الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں غیر ارادتاً قتل بھی شامل ہے۔

آج صبح منظر عام پر آنے والے سانحے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں لوگوں کو چیختے ہوئے، تنگ اور پرہجوم سڑک پر خود کو بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *