شام کے بارے میں سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے، روس

[]

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت ختم ہونے کے بعد دمشق پر قابض تکفیری دہشت گردوں کے بارے میں عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہورہا ہے۔

روس نے شام کے تازہ ترین حالات پر غور کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ عالمی طاقتیں بین الاقوامی اداروں کے ذریعے شام کے حالات کو کنٹرول کرنا چاہتی ہیں۔

اس حوالے سے روس نے منگل کے روز سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔

اقوام متحدہ میں روسی سفیر کے معاون دیمتری پولیانسکی نے کہا ہے کہ شام کے واقعات کے خطے اور دنیا پر اثرات کے بارے میں ہم ابھی تک تشویش کا شکار ہیں۔ روس اس حوالے سے سلامتی کونسل کا اجلاس بلانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران شامی حکومت کے سقوط کے علاوہ شام میں بین الاقوامی امن فوج کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ تکفیری دہشت گردوں کے حملوں کے ساتھ صہیونی وزیر دفاع کے حکم سے اسرائیلی فوج نے گولان کے علاقے پر حملہ کرکے قبضہ کیا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *