نہج البلاغہ بین الاقوامی کانفرنس کا شاندار انعقاد
مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں علماء و دانشوروں کا اجتماع
حیدرآباد، 28 نومبر 2024:سفیر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (MANUU) کے شعبہ عربی اور آل انڈیا نہج البلاغہ سوسائٹی کے اشتراک سے آج ایک روزہ نہج البلاغہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ اہم علمی تقریب CPDUMT آڈیٹوریم، MANUU حیدرآباد میں منعقد ہوئی۔
کانفرنس کا آغاز نمائندہ ولی فقیہ برائے ہندوستان، حجۃ الاسلام والمسلمین آغا مہدی مہداوی پور اور وائس چانسلر پروفیسر عین ال حسن کے خطبہ سے ہوا۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس اور علمی سیشنز میں مختلف ممالک کے معروف علماء و دانشوروں نے شرکت کی اور امام علی علیہ السلام کے کلمات پر روشنی ڈالی۔
پروفیسر سید جہانگیر، مولانا سید تقی رضا عابدی، آغا مجاہد حسین، مولانا حیدر آغا، مولانا شرفی، انجینئر محمد مصطفی، اور پروفیسر حسن کمال (کویت) نے اپنے خطابات میں نہج البلاغہ کے پیغام کی ابدی اہمیت اور امام علی علیہ السلام کے اقوال کو ہر دور کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔
کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ امام علی علیہ السلام کے خطبات، خطوط اور اقوال نہ صرف اسلامی تعلیمات بلکہ انسانی فلاح و بہبود کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
شرکاء نے نہج البلاغہ کی تعلیمات کو عام کرنے اور ان کے پیغام کو دنیا بھر میں موثر انداز میں پہنچانے پر زور دیا۔ اس اہم علمی سیمینار نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے دلوں میں نہج البلاغہ کے عظیم پیغام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
منتظمین کی جانب سے اس کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا گیا اور مستقبل میں بھی ایسے علمی پروگرامز کے انعقاد کی یقین دہانی کرائی گئی۔