معاشرے میں پھیل رہی برائیوں کو مٹانا ہر مسلمان کی اولین زمہ داری ہے // مولانا مفتی مدثر قادری اشرفی
سرینگر : عاشق حسین یَّتو// سرینگر کے ٹیگور ہال میں رحمتہ العالمین فونڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے کاروانِ ختمِ نبوت انٹرنیشنل کشمیر کے قائد مولانا مفتی مدثر احمد قادری اشرفی نے کہا کہ معاشرے میں پھیل رہی برائیوں کو مٹانا ہر مسلمان کی اولین زمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کی فلاح اور کامیابی کا راز دین اسلام کی تعلیمات پر عمل کرنے میں پوشیدہ ہے۔ دین اسلام انسان کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اس قابل بناتا ہے کہ وہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کرے۔ اگر امت اپنے اخلاق و اعمال کو درست کرے اور قرآن و سنت کی رہنمائی پر عمل پیرا ہو تو وہ ہر قسم کی مشکلات اور فتنے سے بچ سکتی ہے۔
مفتی مدثر قادری نے اس بات پر زور دیا کہ امت مسلمہ کو اپنے اعمال کا جائزہ لینا ہوگا۔ کہ مشرق سے لے کر مغرب تک، شمال سے لے کر جنوب تک، اس وقت دنیا کی مظلوم ترین قوم مسلمان ہے؛ یا یوں کہیں کہ مظلوم بنی ہوئی ہے تو غلط نہیں ہوگا۔ ایک وہ وقت بھی تھا جب پوری دنیا پر راج کرنے والے مسلمان ہوا کرتے تھے، ہر طرف امن و سکون تھا، مسلمان تو مسلمان’ غیر مسلم بھی محفوظ تھے۔ لیکن آج دنیا میں سب سے زیادہ غیر محفوظ قوم مسلمان ہی ہیں۔ ہر طرف بکھری ہوئی لاشیں مسلمانوں کی ہی نظر آئینگی۔ شام کی صورتحال پر روئیں یا مسلم ممالک کی خاموشی پر روئیں ، فلسطین کو جلتا دیکھیں یا لبنان کو، پارہ چنار پر ماتم کریںں یا اقوامِ عالم کی بےحسی پر… مجھے اس وقت دنیا کا کوئی خطہ ایسا نظر نہیں آ رہا جہاں پر مسلمان محفوظ ہو۔ کہیں پر اپنے ہی دشمن بنے ہوئے ہیں تو کہیں پر غیروں نے جینا حرام کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا:”امت کو اپنے نفس کی تزکیہ، اپنے اخلاق کی بہتری اور اپنی سوچ کو اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ یہ عمل امت کو انفرادی اور اجتماعی طور پر طاقتور بنائے گا اور اسے دنیا و آخرت کی کامیابی کی راہ پر گامزن کرے گا۔”
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ایک دوسرے کے ساتھ محبت، رواداری، اور تعاون کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انتشار، نفرت، اور فرقہ واریت سے دور رہتے ہوئے اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا امت کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔