حج دراصل پیغام اتحاد
عازمین حج کے 16 ویں قافلہ کی روانگی’ مولانا متین علی شاہ نے جھنڈی دکھائی
حیدرآباد 16مئی(راست) حج دراصل پیغام اتحاد ہے ۔ حج کے موقع پر تمام عالم اسلام کے مسلمانوں کی ملی وحدت ‘ اخوت و اجماعیت اور مساوات کا عظیم مظاہرہ ہوتا ہے ۔ یہاں بادشاہ و فقیر ‘ وزیر و امیر ‘ دولت مند حاجت مند سب برابر ہوجاتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری خطیب عیدگاہ گنبداں قطب شاہی نے حج ہاوز نامپلی میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کے 16 ویں قافلے کی روانگی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حجاج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں اور حاجی کی دعا قبول ہوتی ہے ۔ میدان عرفات میں لاکھوں حاجیوں کا ایک ہی لباس میں ملبوس ہوکر اللہ تعالیٰ کے حضور کھڑا ہونا دراصل میدان حشر میں اللہ تعالیٰ کے سامنے حاضری کی یاد تازہ کرانے کیلئے ہے ۔ مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ حج زندگی میں صرف ایک بار فرض ہے ۔ زائرین روضہ اقدسۖ کیلئے شفاعت کی بشارت ہے ۔ روضہ اقدس کا احترام ہر مسلمان ہر لازم ہے جس نے حج کیا اور دربار نبیۖ پر حاضری دی اس کیلئے دو مقبول حج لکھے جاتے ہیں ۔ جنت البقیع کی زیارت کریں جہاں بے شمار صحابہ کرام ‘ اہلبیت اطہار اور صالحین و کاملین آرام فرما ہیں ۔ چیرمین حج کمیٹی مولانا خسرو پاشاہ کی نگرانی میںحج کیمپ کے انتظامات کئے گئے ۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد محبوب کی قراء ت کلام پاک اور سید نور محمد شاہ کی نعت شریف سے ہوا۔ اس موقع پر چیف ایکزیکٹیو آفیسر جناب شیخ ولایت حسین نے عازمین کو ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام مراحل صبر و تحمل کے ساتھ ادا کریں اور سیل فون کا غیر ضروری استعمال نہ کریں ۔انہوں نے عازمین حج کو مشورہ دیا کہ وہ بھی اپنے دستاویزات(ڈاکیومنٹس) کی حفاظت کریں ۔ اس موقع پر جناب عرفان شریف ایکزیکٹیو ‘ جناب حبیب زین العابدین عابد’ شاہد پیراں’ الحاج اشفاق احمد خان (لندن) جناب حبیب صفی ‘ جناب حبیب الدین ‘ جناب ظہیر الدین ‘ حافظ و قاری محمد علی و دیگر موجود تھے ۔ مولانا سید متین علی شاہ قادری خطیب عیدگاہ گنبداں قطب شاہی نے جھنڈی دکھا کر عازمین حج کے قافلے کو روانہ کیا ۔