
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے اپنے انسٹاگرام پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے اپنے مختصر دورۂ بیجنگ کے دوران چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات اور تفصیلی گفتگو کی۔
عراقچی نے زور دیا کہ ایران اور چین کے درمیان گہری اسٹریٹجک شراکت داری کے پیش نظر دونوں ممالک کے درمیان مسلسل اور قریبی مشاورت ایران کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن میں ایران کے خلاف حالیہ جنگی صورتحال، آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال، مغربی ایشیا کی تازہ پیش رفت، تجارتی تعلقات کی توسیع اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے معاملات شامل تھے۔
انہوں نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ اس دورے کے دوران چین کی جانب سے ایران کے حق میں تعمیری اور حمایتی مؤقف ایک بار پھر اجاگر ہوا، اور انہوں نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی اور ان کے معاونین کا گرمجوشی کے ساتھ استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
