مسلمانوں کو تحفظات، این سی بی سی کرناٹک حکومت کو سمن جاری کرے گا

[]

نئی دہلی: قومی کمیشن برائے پسماندہ طبقات (این سی بی سی) مسلم طبقہ کو ”جامع تحفظات“ فراہم کرنے پر کرناٹک کے چیف سکریٹری کو سمن جاری کرے گا۔ اس کے صدرنشین ہنس راج اہیر نے یہ بات کہی۔

این سی بی سی نے تحفظات کے مقاصد کے لیے پوری مسلم برادری کو پسماندہ ذات قرار دینے کرناٹک حکومت کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی جامع زمرہ بندی‘ سماجی انصاف کے اصولوں کو کمزور کرتی ہے۔

یو این آئی کے بموجب پسماندہ طبقات کے قومی کمیشن (این سی بی سی) نے جمعرات کے روز مسلم کمیونٹی کو “مکمل ریزرویشن” فراہم کرنے کے ریاستی حکومت کے فیصلے پر کرناٹک کے چیف سکریٹری کو طلب کرنے کا اعلان کیا۔

این سی بی سی نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی وسیع درجہ بندی سماجی انصاف کے اصولوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔

کمیشن کے چیئرمین ہنس راج اہیر نے آج جاری کردہ ایک بیان میں ریزرویشن کے لیے پوری مسلم برادری کو پسماندہ ذات کے طور پر درجہ بندی کرنے کے ریاستی حکومت کے اقدام پر تنقید کی۔

اہیر کے مطابق، یہ وسیع درجہ بندی مسلم معاشرے کے اندر موجود تنوع اور پیچیدگیوں کو پہچاننے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ “اگرچہ مسلم کمیونٹی کے اندر واقعی پسماندہ اور تاریخی طور پر حاشیے پر رہنے والے طبقات ہیں، مسلم معاشرے کے اندر پورے مذہب کو پسماندہ سمجھنے سے تنوع اور پیچیدگیوں کی اندیکھی ہوتی ہے۔”

این سی بی سی نے ریزرویشن پالیسیوں کے لیے ایک باریک نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا جو مختلف کمیونٹیز کی مخصوص ضروریات کو مدنظر رکھے۔ اس معاملے پر ریاستی حکومت کے جواب کے باوجود، کمیشن نے اسے غیر اطمینان بخش پایا اور فیصلہ پر وضاحت کے لیے چیف سکریٹری کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کرناٹک کے پسماندہ طبقات کے بہبود کے محکمے کے اعداد و شمار کے مطابق، مسلم کمیونٹی کے اندر تمام ذاتیں اور برادریوں کو پسماندہ طبقات کی ریاستی فہرست میں زمرہ II بی کے تحت سماجی اور تعلیمی لحاظ سے پسماندہ طبقات کے طور پر درج کیا گیا ہے۔

یہ درجہ بندی انہیں ہندوستانی آئین کے مطابق تعلیمی اداروں میں داخلوں اور سرکاری ملازمتوں کی تقرریوں میں ریزرویشن فوائد حاصل کرنے کے قابل بناتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کرناٹک نے بلدیاتی انتخابات میں مسلمانوں سمیت پسماندہ طبقات کو 32 فیصد ریزرویشن فراہم کیا ہے۔ 2011 کی مردم شماری کے مطابق ریاست میں مسلمانوں کی آبادی 12.92 فیصد ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *