[]
ممبئی: ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے چہارشنبہ کو کوٹک مہندرا بینک لمیٹڈ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے آن لائن اور موبائل بینکنگ کے ذریعے نئے صارفین کے حصول کو فوری طور پر روک دے۔ آر بی آئی نے کوٹک مہندرا بینک کو نئے کریڈٹ کارڈس جاری کرنے سے بھی روک دیا ہے۔
تاہم بینک اپنے موجودہ صارفین کو خدمات فراہم کرتا رہے گا، بشمول اس کے کریڈٹ کارڈ کے صارفین، کوٹک مہندرا کوموجودہ خدمات جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آر بی آئی نے بینکنگ سسٹم میں سیکوریٹی نقائص، رسک مینجمنٹ فریم ورک کی عدم موجودگی، آن لائن اور ڈیجیٹل بینکنگ چیلنجز کو درپیش بندشوں کے پیش نظر مرکزی بینک نے کوٹک مہندرا بینک پر نئے گاہکوں کے رجسٹریشن کے علاوہ نئے کریڈٹ کارڈ جاری کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔
آر بی آئی کے حکم میں کہا گیا ہے کہ بینک ضروری آپریشنل لچک پیدا کرنے میں مادی طور پر کمزور پایا گیا ہے کیونکہ اس کی ترقی کے مطابق آئی ٹی سسٹم اور کنٹرول بنانے میں ناکامی ہے۔
مرکزی بینک نے بتایا کہ کوٹک مہندرا بینک پر کاروباری پابندیاں صارفین کے مفاد میں اور کسی بھی ممکنہ طویل بندش کو روکنے کے لئے لگائی گئی ہیں۔
آر بی آئی نے کہا کہ کوٹک مہندرا بینک کو اس کے آئی ٹی رسک اور انفارمیشن سیکیورٹی گورننس میں مسلسل دو سالوں تک کمی کا اندازہ لگایا گیا جو کہ ریگولیٹری رہنما خطوط کے تحت ضروریات کے برعکس ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پچھلے دو سالوں کے دوران ریزرو بینک آف انڈیا تمام خدشات پر کوٹک بینک کے ساتھ مسلسل اعلیٰ سطحی رابطے میں رہا تاہم کوٹک نے تسلی بخش اقدامات نہیں کئے جس کے بعد اس پر پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ آپریشنل بے قاعدگیوں اور اس سے متعلق دیگر بدعنوانیوں کے پیش نظر کچھ ماہ قبل پے ٹی ایم پر بھی پابندیاں عائد کی تھیں۔