[]
حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے الزام لگایا کہ بی جے پی مذہب کے نام پر انتخابات میں کامیابی کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے آج حلقہ لوک سبھا سکندرآباد میں پارٹی کے امیدوار ڈی ناگیندر کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔اس موقع پر روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم پر بے روزگاروں اور کسانوں کو دھوکہ دینے کا الزام لگایا۔ انہوں نے پوچھا کہ ہر سال 20 لاکھ نوکریوں کا کیا ہوا؟
شکست کے خوف سے مودی مذاہب کے درمیان تفرقہ پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں مذہبی ہم آہنگی پروان چڑھی ہے۔
انہوں نے حیدرآباد کی ترقی کیلئے مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا۔یہ کہتے ہوئے کہ ریاست کی اصل اپوزیشن جماعت بی آرایس نے بی جے پی کے ساتھ سازباز کرتے ہوئے کمزور امیدواروں کو ٹکٹ دیا ہے تاکہ بی جے پی کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بناتے ہوئے دہلی شراب معاملہ میں جیل میں محروس سابق وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی دختر کویتا کی ضمانت کو یقینی بنایاجاسکے۔
انہوں نے پوچھا کہ بی آرایس کے حلقہ لوک سبھا سکندرآباد کے امیدوار پدماراو گوڑکے پرچہ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر سابق وزیراعلی کے چندرشیکھررا و یا پھر ان کے فرزند سابق وزیرتارک راما راو کیوں موجود نہیں تھے؟۔
انہوں نے رائے دہندوں پر زوردیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ بی آرایس امیدوار کو اپناووٹ دیں گے تو اس کا راست فائدہ بی جے پی کو ہوگا۔اس طرح بی آرایس کو ووٹ دینا اپنے ووٹ کو ضائع کرنے کے برابر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حلقہ سے جو بھی پارٹی کامیاب ہوگی، وہی پارٹی اقتدار میں آئے گی۔
انہوں نے پوچھا کہ اس حلقہ کی نمائندگی کرنے والے مرکزی وزیرسیاحت جی کشن ریڈی نے حلقہ کی ترقی کے لئے کیاکیا۔انہوں نے کہاکہ کانگریس کے امیدوار ناگیندر ایم پی کے طور پر کامیاب ہوتے ہیں، تو انہیں ہماری کانگریس حکومت میں مرکزی وزیر کا عہدہ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ حیدرآباد کی ترقی اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کا سہرا کانگریس کے سر ہے۔