[]
مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرل علی اکبر احمدیان روسی شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں بارہویں بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے سینٹ پیٹرزبرگ پہنچ گئے ہیں۔
ائیرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے احمدیان نے کہا کہ مغرب کی بالادستی کو ختم کرنے کے لئے ایران دوسرے ممالک کے ساتھ کوششوں میں شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں سلامتی کے حوالے سے تشویش پائی جاتی ہے۔ فلسطین میں صہیونی حکومت کے مظالم اور اسلامی جمہوری ایران سمیت خطے کے ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی وجہ سے مشرق وسطی کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔ ایران اس اجلاس میں شرکت کے لئے پرجوش ہے۔ ہم اجلاس میں فلسطین اور خطے کے امور کے حوالے سے اپنا موقف پیش کریں گے۔
احمدیان نے کہا کہ روس میں مختلف ممالک کے اعلی حکام سے ملاقات کریں گے اور فلسطین میں صہیونی حکومت کی جارحیت سمیت مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے۔