حج 2024: احمد آباد، لکھنؤ اور دہلی سمیت کئی ایمبارکیشن پوائنٹس سے ہوائی جہاز کرایہ میں بھاری کمی

[]

نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا نے حج 2024 کے لئے احمد آباد، لکھنئو، دہلی، کو لکتہ اور کوچین سمیت کئی ایمبارکیشن پوائنٹس سے ہوائی جہاز کرایہ میں زبردست کمی کا اعلان کیا ہے۔

حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او ڈاکٹر لیاقت علی آفاقی (آئی۔ آر۔ ایس) نے بتایا کہ امسال احمد آباد کے حجاج کرام گزشتہ سال کے مقابلے میں 45 ہزار سے کم، ناگپور کے حجاج کرام 30 ہزار سے کم، لکھنؤ کے حجاج 26 ہزار سے کم، کوچین اور کنور کے حجاج 22 ہزار سے کم، کو لکتہ کے حجاج 21 ہزار سے کم، دہلی کے حجاج 20 ہزار سے کم اور چینائی کے حاجی 6000 سے کم رقم میں سفر حج کریں گے-

یاد رہے حج 2023 میں ہوائی جہاز کرایہ اوسطاً ایک لاکھ 25 ہزار روپے تھا جبکہ حج 2024 میں یہ کم ہو کر اوسطاً 123000 ہوا ہے۔ ڈاکٹر آفاقی نے مزید بتایا کہ ہندوستان سے عازمین حج کی پہلی فلائٹ 9 مئی کو مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوگی ۔

ہمارے ملک سے امسال بیشتر حجاج کرام سعودی ائیر لائنز، ائیر انڈیا، فلائی ناس، اسپائی جیٹ اور فلائی ڈیل سے سفر کریں گے۔

ڈاکٹر آفاقی نے مزید بتایا کہ مجموعی خرچ میں امسال سب سے کفایتی اور سستا حج بالترتیب دہلی، ممبئی، احمد آباد اور حیدر آباد کے عازمین کے لئے ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ہندوستانی عازمین حج کے لئے یہ بہت بڑی خوشخبری ہے کہ بہت سی ریاستوں کے حجاج گزشتہ سال کے مقابلے امسال کم خرچ پر فریضہ حج ادا کرسکیں گے۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *