[]
ممبئی: جیل میں بند جرائم پیشہ سرغنہ لارینس بشنوئی کی مافیا تنظیم نے بالی ووڈ میگااسٹار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کرلی۔
لارینس بشنوئی کے امریکہ میں مقیم بھائی انمول بشنوئی نے اس واقعہ کو سلمان خان کیلئے ”پہلی اور آخری وارننگ“ قراردیا۔
انہوں نے ڈھکے چھپے الفاظ میں یہ کہہ دیاکہ اگلی مرتبہ گولیاں دیواروں پر یا خالی مکان پر نہیں چلیں گی۔ اس طرح انہوں نے اداکارکو راست نشانہ بنانے کا اشارہ دیا۔
فیس بک پر پوسٹ میں انمول بشنوئی نے بشنوئی گروپ کے دیگر ارکان جیسے گولڈی برار‘ روہت گودارا اور کالا جتری کی طرف سے کہا کہ گینگ صرف امن چاہتی ہے لیکن اگر امن جنگ سے حاصل ہوتا ہے تو پھر جنگ ٹھیک ہے۔
سلمان خان یہ صرف تمہیں ٹریلردکھانے کیلئے کیاگیا۔ تمہیں‘ہماری طاقت سمجھانے کیلئے کیاگیا۔ ہمارا صبر مزید مت آزماؤ۔ تمہارے لئے یہ پہلی اورآخری وارننگ ہے۔ اگلی مرتبہ گولیاں دیواروں یا خالی مکانوں پر نہیں چلیں گی۔ تم داؤدابراہیم اورچھوٹا شکیل کو اپنا خدامانتے ہو لیکن ہم نے اپنے دوکتوں کو ان کے نام دئیے ہیں۔
یہ اشارہ کافی ہے‘ہمیں مزیدکچھ بھی کہنا نہیں ہے۔ انمول بشنوئی نے جئے شری رام کے ساتھ پیام ختم کیا۔ یہ پوسٹ اتوار کی صبح 5بجے کے آس پاس سلمان خان کے باندرہ والے سی فیس اپارٹمنٹ کے سامنے فائرنگ کے چند گھنٹے بعد آئی۔فائرنگ کے واقعہ نے تفریحی صنعت اور سیاسی حلقوں میں ہلچل مچادی۔
ہیلمٹ پہنے دونامعلوم افراد تیزرفتارموٹرسائیکل پرآئے اور انہیں گلیکسی اپارٹمنٹ کی طرف کم ازکم 4گولیاں چلائیں اور فرارہوگئے۔ گذشتہ کئی سال سے سلمان خان اور ان کے ارکان خاندان کو پنجاب کے مافیاگروپس جیسے بشنوئی گینگ سے جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
اپوزیشن مہاوکاس اگھاڑی قائدین نے مہاراشٹرا میں برسراقتدار مہایوتی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں نظم وضبط ٹھپ پڑچکا ہے۔ 58 سالہ سلمان خان باندرہ بیانڈاسٹانڈ میں اپنے اپارٹمنٹ میں اپنے والدین‘بھائیوں اور ان کے بچوں کے ساتھ رہتے ہیں۔