سنیتا کجریوال کو شوہرسے بالمشافہ ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی

[]

نئی دہلی: سینئر عام آدمی پارٹی قائد سنجے سنگھ نے ہفتہ کے دن پریس کانفرنس میں کہا کہ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی بیوی سنیتا کجریوال نے جب جیل میں شوہر سے ملاقات کی درخواست دی تو ان سے کہا گیا کہ وہ بالمشافہ ملاقات نہیں کرسکتیں۔

ملاقات کھڑکی کے ذریعہ ہوگی۔ رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ یہ بے عزتی اور حوصلہ شکنی کی حرکت ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسا غیرانسانی برتاؤ کیوں؟۔

یہ غیرانسانی حرکت صرف ایک چیف منسٹر کو بے عزت کرنے اور اس کا حوصلہ توڑنے کے لئے کی جارہی ہے۔

سنجے سنگھ نے کہا کہ میں پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ خطرناک مجرموں کو تک بیارک میں ان کے عزیزوں سے ملنے دیا جاتا ہے لیکن دہلی کے تین مرتبہ چیف منسٹر اروند کجریوال کو بیوی سے ایک کھڑکی کے ذریعہ ملنے دینے کی بات کی جارہی ہے۔

درمیان میں ایک شیشہ حائل رہے گا۔ سنجے سنگھ اور چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان کو جیل میں کجریوال سے ملاقات کے لئے ٹوکن جاری کی گئی تھی لیکن لمحہ آخر میں یہ کہتے ہوئے اسے منسوخ کردیا گیا کہ شارٹ نوٹس پر چیف منسٹر دہلی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

سنجے سنگھ نے کہا کہ چلو مان لیتے ہیں کہ بی جے پی حکومت مجھے یعنی سنجے سنگھ کو نہیں پہچانتی لیکن یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ چیف منسٹر پنجاب کو نہیں جانتی؟۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *