ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے کا وعدہ

[]

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے ہفتہ کو اپنا منشور جاری کیا، جس میں اس نے ایک کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے اور خواتین کو سالانہ ایک لاکھ روپے دینے سمیت 24 وعدے کیے ہیں۔

آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی پرساد یادو نے ہفتہ کو یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں سینئر لیڈروں کی موجودگی میں اپنا منشور جاری کیا، جسے پریورتن پتر نام دیا گیا ہے۔

سال 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے جاری پریورتن پتر میں 24 وعدے کیے گئے ہیں، جس میں پورے ملک میں ایک کروڑ نوکریاں‘غریب خواتین کو ایک لاکھ روپے سالانہ‘500 روپے میں گیس سلنڈر، 200 یونٹ مفت برقی، 10 فصلوں پر کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) اور بہار کو خصوصی درجہ دینے کا وعدہ شامل ہے۔

تیجسوی یادو نے پریس کانفرنس میں کہا“بہار میں 17 سال کے بنام 17 ماہ کی طرز پر، ہم سبھی سرکاری محکموں اور سرکاری اداروں میں 30 لاکھ خالی آسامیوں کے علاوہ 70 لاکھ آسامیاں پیدا کریں گے اور کل ایک کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے۔ ہم کنٹریکٹ اور عارضی نوکریوں کو مستقبل کرنے کے لئے بھی مہم چلائیں گے۔

ہم لوگوں سے یہ وعدہ کرتے ہیں کہ جس طرح بہار میں نوکری کا مفہوم تیجسوی ہوگیا ہے یہی وعدہ ہم اس انتخابات میں ایک عزم کی قرارداد کے طور پر کرتے ہیں۔ اس لیے مرکز میں آر جے ڈی کی حمایت یافتہ مخلوط حکومت کے قیام کے چھ ماہ کے اندر اندر ایک کروڑ نوکریاں پیدا کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔

سابق ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران ہم نے منشور میں کئے گئے وعدوں کو 17 ماہ میں پورا کرنے کی کوشش کی۔ ہم نے ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کروائی۔ محروم، نظرانداز کئے گئے اور پسماندہ افراد کی بہبود کے لیے منڈل کمیشن کی بقیہ سفارشات کو لاگو کیا جائے گا۔ ہم نے کہا تھا کہ ہم تمل ناڈو کی طرح ریزرویشن کی حد میں اضافہ کریں گے، اسے بھی پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں۔

سال 2024 میں عوام سے 24 وعدے کیے گئے ہیں اور حکومت بننے کی صورت میں انہیں پورا بھی کریں گے۔ یادو نے کہا کہ گھریلو گیس سلنڈر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور مہنگائی نے غریب اور کم آمدنی والے طبقوں کی کمر توڑ دی ہے۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ ملک بھر میں اس کی قیمت 500 روپے سے زیادہ نہیں ہوگی۔

اسی طرح برقی کے بل کی آسمان چھوتی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے کمیشن بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر گھریلو صارف کو 200 یونٹ برقی مفت دی جائے گی۔آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ اگر ان کی حکومت بنتی ہے تو ملک بھر میں ذات پات کی مردم شماری کرائی جائے گی اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام برادریوں کو مناسب نمائندگی ملے، جس میں معاشی طور پر کمزور طبقات، خواہ ان کی ذات اور برادری کچھ بھی ہو۔

قومی جوڈیشل کمیشن کی نئے سرے سے تشکیل کرکے مناسب قانون بنا کر اعلیٰ عدلیہ میں دلت، پسماندہ اور قبائلی برادریوں کے متناسب حصہ داری کو یقینی بنایا جائے گا۔پریورتن پتر میں کہا گیا ہے کہ بہار کے لیے خصوصی ریاست کا مطالبہ تقریباً دو دہائیوں پرانا ہے۔



ہمیں فالو کریں


Google News

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *