[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے خطے کے ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عیدفطر کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی۔
عبداللہیان نے علاقائی ممالک کے ہم منصبوں سے گفتگو کے دوران فلسطین میں جاری صہیونی جارحیت اور غزہ کے عوام کی مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی وزیرخارجہ نے عراقی ہم منصب فواد حسین کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید توسیع اور مختلف موضوعات پر باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
عبداللہیان نے قطر کے وزیراعظم و وزیرخارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کو عیدفطر کی مناسبت سے مبارک باد پیش کی اور کہا کہ خوشی کے اس موقع پر اسلامی ممالک کے درمیان پہلے سے زیادہ گرمجوشی کی امید ہے۔
انہوں نے خطے مخصوصا فلسطین کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ چھے مہینوں سے فلسطینی مظلوم عوام کے خلاف جاری صہیونی جارحیت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلامی ممالک اور عالمی برادری کو اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں نبھانا چاہئے۔
عبداللہیان نے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کی ضرورت ہے۔
انہوں نے غزہ میں صہیونی جارحیت کو روکنے اورفلسطینی مظلوم عوام کے لئے امدادی اشیاء کی فراہمی پر تاکید کی۔
ایرانی وزیرخارجہ نے متحدہ عرب امارات کے ہم منصب شیخ عبداللہ النہیان سے ٹیلیفونک رابطے کے دوران ان کو عیدفطر کے موقع پر مبارک باد پیش کی۔
ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری آرہی ہے۔ اس موقع پر فلسطین میں جاری صہیونی مظالم اور جارحیت کے خلاف اسلامی ممالک کو ایک دوسرے کے متحدہوکر حکمت عملی اختیار کرنا چاہئے۔