ڈرائیونگ کیس: سابق رکن اسمبلی عامر کے فرزند گرفتار

[]

حیدرآباد: حیدرآباد سٹی پولیس نے تیزرفتاری اورلاپرواہی سے گاڑی چلانے کے کیس میں بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی بودھن محمد شکیل عامر کے فرزند محمد راحیل عامر عرف ساحل جو گذشتہ دسمبرسے گرفتاری سے بچ رہے تھے‘پیر کے روز گرفتار کرلیا۔

پولیس نے راحیل کو اس وقت گرفتارکرلیاجبکہ وہ دبئی سے حیدرآبادایرپورٹ پہنچے تھے۔ پولیس نے ملزم کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جنہیں مجسٹریٹ نے عدالتی تحویل میں دے دیا۔

بعدازاں پولیس نے ساحل کو چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا۔ گذشتہ سال24 دسمبر کو بیگم پیٹ میں سی ایم کیمپ آفس پرگتی بھون (اب پرجا بھون) کے سامنے تیزرفتاری سے گاڑی چلانے کے کیس میں پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر سے مربوط اس کے خلاف جاری کردہ لک آوٹ سرکولر(ایل اوسی) کو تلنگانہ ہائیکورٹ کی جانب سے معطل کرنے کے تین دن بعد ساحل، حیدرآباد پہونچے۔

ایل اوسی کومعطل کرتے ہوئے ہائیکورٹ نے ساحل کو حکم دیاتھا کہ وہ19۔ اپریل سے قبل متعلقہ انوسٹی گیشن عہدیدار کے سامنے خودسپر ہوجائے۔ ساحل کی بی ایم ڈبلیوکار، پرگتی بھون کے سامنے نصب بریگیڈس سے ٹکرا گئی۔ اس گاڑی کو وہ خود چلارہاتھا۔ اس واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم بریکیڈس اور کار(گاڑی) کے سامنے کے حصہ کونقصان پہونچا۔

واقعہ کے بعد گاڑی چلانے والے اوراس کے ساتھ گاڑی میں سوار تین افراد گاڑی چھوڑکر فرار ہوگئے تھے۔ بعدازاں ایک شخص نے مقام واقعہ پہونچکر دعویٰ کیاکہ یہ بی ایم ڈبلیوکار میری ہے۔ اس کے خلاف تیزرفتاری کاایک کیس درج کیاگیاتھا۔ تاہم تحقیقات میں انکشاف ہواکہ سابق رکن اسمبلی بودھن کے فرزند ساحل یہ کار خودچلارہے تھے۔

پولیس نے مبینہ طورپر ساحل کو چھوڑ دیا اور وہ شخص جس نے کارپر دعویٰ کیاتھا، کے خلاف کیس درج کرلیا۔ بتایاجاتا ہے کہ یہ شخص سابق ایم ایل اے کا گھریلو ڈرائیورہے۔

ساحل دبئی فرار ہوگیاتھا۔ اس کیس میں جملہ16 افراد کے خلاف کیس درج کیاگیا اور5 گرفتاریاں عمل میں آئیں جن میں پنجہ گٹہ اوربودھن کے انسپکٹرس بھی شامل ہیں۔ ان دونوں پر ملزم کی مدد کرنے کا الزام ہے۔ پولیس نے سابق رکن اسمبلی بودھن کے خلاف بھی ایل اوسی جاری کیاتھا مگرہائیکورٹ نے اس ایل اوسی کومعطل کردیا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *