[]
تل ابیب: حزب اللہ کی جانب سے اسرائیلی ڈرون کو مار گرانے کے چند گھنٹے بعد اسرائیل نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب وادی بقاع کے مشرقی علاقوں میں متعدد مقامات پر بمباری کی ہے۔
ہمارے ذرائع کے مطابق اسرائیل نے ملک کے مشرق میں بعلبک کے دو علاقوں پر چار حملے کیے جن میں سے ایک نے ملک کے مشرق میں بعلبک شہر کے قریب السفاری کے علاقے میں ہتھیاروں کے ایک خالی اسٹور کو نشانہ بنایا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹر‘ نے دو لبنانی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حملوں میں سے ایک نے شام کی سرحد کے قریب واقع گاؤں جنتا میں لبنانی حزب اللہ کے تربیتی کیمپ کو نشانہ بنایا۔
ایمبولینسیں ان علاقوں کی طرف روانہ ہوئیں جہاں بمباری کی گئی تھی۔
ہفتے کے روز حزب اللہ نے لبنانی سرزمین پر ایک اسرائیلی “ہرمز 450” مسلح ڈرون کو مار گرانے کا اعلان کیا تھا جب کہ اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا کہ اس کا ایک ڈرون علاقے میں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے مار گرایا گیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ “کچھ دیر پہلے لبنان کی فضائی حدود میں کام کرنے والے فضائیہ کے ایک ڈرون پر زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل داغا گیا۔ ڈرون لبنان کے اندر گر کر تباہ ہو گیا”۔ فوج کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں‘‘۔
لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحد پر باہمی حملوں کی تعداد میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے۔ اسرائیلی حکام کی جانب سے لبنانی سرزمین پر حملوں کا دائرہ وسیع کرنے کی دھمکیوں میں کہا گیا ہے کہ جب تک حزب اللہ کے جنگجو سرحد کےقریب سے پیچھے نہیں ہٹتے حملے جاری رہیں گے۔