فون ٹیاپنگ کیس: پوچھ تاچھ کے دوران سابق ڈی سی پی کشن راؤ علیل

[]

حیدرآباد: فون ٹیاپنگ کیس میں پولیس کی پوچھ تاچھ کے دوران سابق ڈی سی پی ٹاسک فورس رادھاکشن راؤ علیل ہوگئے۔

بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں پولیس کشن راؤ سے دوسرے روز بھی پوچھ تاچھ کی جارہی تھی کہ سابق ڈی سی پی کا بی پی اچانک بڑھ گیا جس کے بعد پولیس نے ڈاکٹروں کوطلب کیا تاکہ سابق پولیس عہدیدارکی طبی جانچ کی جاسکے۔

شہر کی ایک عدالت کی جانب سے جمعرات کے روز تحویل میں دینے کے بعد پولیس نے رادھاکشن راؤ کو سات دنوں کی اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔ ان پر 2023کے اسمبلی انتخابات میں اس وقت کی حکمراں جماعت بی آر ایس کی رقومات منتقل کرنے کا بھی الزام ہے۔

تفتیش کے دوران رادھاکشن راؤسے یہ پوچھاگیا کہ آپ نے کتنے لوگوں کے فون ٹیاپ کئے تھے اور غیرمجازطورپرجورقم وصول کی گئی تھی وہ رقم کہاں اور کس طرح منتقل کی گئی مگر راؤ‘ان سوالات کے جواب دینے سے قاصر رہے۔

بتایا جاتاہے کہ پولیس عہدیداروں نے اس کیس میں نلگنڈہ کے 2 کانسٹبلوں کوطلب کرتے ہوئے ان سے سوالات کئے گئے۔ سوالات کی نوعیت کے بارے میں علم نہیں ہوسکا۔28 مارچ کو پولیس نے رادھاکشن راؤ کوگرفتارکرلیاتھا۔



[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *